ٹیکہ اندازہ اور دیگر معلومات کا حصول، سعوی دعرب سے حج کوٹہ کی منظوری ابھی باقی
حیدرآباد: حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 ء کے لئے درخواست داخل کرنے والے امیدواروں سے تفصیلات طلب کی ہیں تاکہ مرکز کی جانب سے حج کوٹہ کی منظوری کی صورت میں عازمین حج کے انتخاب میں سہولت ہو۔ تلنگانہ حج کمیٹی کے اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ کے مطابق حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین حج کیلئے سعودی حکام کی جانب سے جاری کردہ ہیلت اڈوائزری کے تحت تفصیلات طلب کی ہیں۔ حج 2021 ء کی ادائیگی کے خواہشمند عازمین حج کو حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر تفصیلات داخل کرنے ہوں گے www.hajcommittee.gov.in ۔ تلنگانہ کے تمام درخواست گزاروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ٹیکہ اندازی کی تفصیلات پیش کریں جس میں خوراک کی تعداد اور ویکسین کے نام کو سرٹیفکٹ کے ساتھ اپ لوڈ کیا جائے ۔ گزشتہ 6 ماہ کے دوران کسی عارضہ کے سبب دواخانہ میں شریک ہونے کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہیلت سرٹیفکٹ اپ لوڈ کرنا ہوگا ۔ درخواست گزاروں سے استفسار کیا گیا ہے کہ آیا وہ حج 2021 کی ادائیگی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ مذکورہ تمام تفصیلات حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر اپنے کور نمبر کے ساتھ پیش کی جائیں۔ اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے بتایا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے ہندوستان کیلئے حج کوٹہ ابھی تک الاٹ نہیں کیا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے دی جانے والی تفصیلات پر کوئی بھی کارروائی حج کوٹہ کے الاٹمنٹ پر منحصر رہے گی ۔ عازمین حج حج کمیٹی کے ویب سائیٹ پر گائیڈ لائینس کا مطالعہ کرسکتے ہیں یا پھر وہ شخصی طور پر حج کمیٹی تلنگانہ کے دفتر پر رجوع ہوسکتے ہیں۔