تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے 6000 درخواست گذار، لمحہ آخر تک عازمین پُرامید تھے
حیدرآباد۔ حج 2021 کے بارے میں حکومت سعودی عرب کے فیصلہ نے ہندوستانی عازمین حج کو مسلسل دوسرے سال مایوس کردیا ہے۔ گزشتہ سال کی طرح جاریہ سال بھی حکومت سعودی عرب نے کورونا وباء کے پیش نظر بیرونی ممالک کے عازمین حج کو اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی عرب کے شہریوں اور سعودی عرب میں مقیم بیرونی ممالک کے افراد کے بشمول مجموعی طور پر 60 ہزار عازمین کے ساتھ جاریہ سال فریضہ حج کی تکمیل کی جائے گی۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا ڈاکٹر مقصود علی خاں نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو اطلاع دی ہے کہ جاریہ سال ہندوستان سے عازمین کی روانگی نہیں ہوگی۔ حکومت ہند نے پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ حج کے اہتمام کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب کی تمام تر ہدایات کی پابندی کی جائے گی۔ مقصود علی خاں نے کہاکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر حج کمیٹی نے درخواست گذاروں کو کورونا کے دونوں ٹیکے حاصل کرنے کا مشورہ دیا تھا تاکہ ہندوستانی عازمین کو اجازت کی صورت میں وہ ٹیکہ اندازی کی شرائط کے ساتھ تیار رہیں۔ اب جبکہ حکومت سعودی عرب نے کسی بھی بیرونی ملک کے عازمین کو اجازت نہیں دی ہے لہذا تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درخواست گذاروں کو مایوسی ہوئی۔ درخواست گذار اس بارے میں حج کمیٹی کے دفتر سے ربط قائم کرتے ہوئے مزید تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں تقریباً 4 ہزار افراد نے جاریہ سال حج کیلئے درخواستیں داخل کی تھیں جبکہ آندھرا پردیش میں 2 ہزار کے قریب درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر اور حج سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے نتیجہ میں درخواستوں کی تعداد کافی کم رہی۔ ہر سال تلنگانہ سے تقریباً 10 ہزار عازمین سعودی عرب کیلئے پرواز کرتے ہیں جن میں آندھرا پردیش، مہاراشٹرا، کرناٹک اور ٹاملناڈو کے بعض علاقوں سے تعلق رکھنے والے عازمین شامل ہیں۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حج کے انعقاد کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب کی شرائط کی پابندی ہر ملک کیلئے لازمی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی آف انڈیا کے مشورہ پر جاریہ سال کے درخواست گذاروں کو ٹیکہ حاصل کرنے کی صلاح دی گئی تھی اور کئی عازمین نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرلی ہیں۔ حالیہ عرصہ تک بھی امید کی جارہی تھی کہ محدود تعداد میں حج کے اہتمام کے باوجود ہندوستان کے عازمین کو اجازت دی جائے گی۔ یہاں تک کہا گیا کہ ہندوستان سے 4000 عازمین کو اجازت دی جاسکتی ہے لیکن حکومت سعودی عرب کے فیصلہ کے بعد یہ تمام اندازے غلط ثابت ہوئے۔ بیشتر درخواست گذار ایسے ہیں جنہوں نے گزشتہ سال حج سے محرومی کے بعد جاریہ سال کیلئے دوبارہ درخواست داخل کی تھی لیکن انہیں پھر ایک مرتبہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔