حج 2021 کی تمام درخواستیں منسوخ

   

حیدرآباد۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2021 کیلئے داخل کردہ ملک بھر کی تمام درخواستوں کو منسوخ کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف ایکزیکیٹو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکولر جاری کیا۔ حکومت سعودی عرب کی جانب سے حج 2021 کیلئے کسی بھی بیرونی ملک کے عازمین کو اجازت نہ دینے کے فیصلہ کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے ملک بھر میںداخل کی گئی تمام درخواستوں کو منسوخ کردیا ہے۔ اسی دوران ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو موصولہ 3757 درخواستیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی حکومت سعودی عرب نے کسی بھی بیرونی ملک کے عازمین کو اجازت نہیں دی تھی۔ جن عازمین کی درخواستیں منسوخ کردی گئی ہیں ان کا مطالبہ ہے کہ درخواست کے ادخال کیلئے حاصل کی گئی فیس بھی واپس کی جائے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کو ہر سال درخواست فارم سے لاکھوں روپئے کی آمدنی ہوتی ہے۔