قونصل جنرل ہند جدہ محمد شاہد عالم کا سیاست کو خصوصی انٹرویو
جدہ (عارف قریشی) قونصل جنرل ہند جدہ برائے سعودی عرب عزت مآب محمد شاہد عالم نے بتایا کہ ہم سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطے میں ہیں۔ ان اعلیٰ عہدیداروں نے کہا کہ ابھی کورونا اور اومی کرون کے کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے۔ ابھی ان کیسوں میں ذرا کمی ہونے دیجئے۔ حالات ذرا بہتر ہونے دیجئے تب ہم آپ کو بتائیں گے۔ قونصل جنرل نے مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولیعہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان عبدالعزیز حرمین شریفین کی خدمت کو اولین ترجیح دیتے ہیں اور حجاج کرام اور عمرہ زائرین کیلئے وسیع تر انتظامات کرتے ہیں جو ایک قابل ترین کارنامہ ہے جو صرف سعودی عرب کی حکومت ہی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہندوستانی حجاج کرام کیلئے رہائشی عمارتوں کا انتظام کرلیا ہے انشاء اللہ کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ ہندوستانی حجاج کرام کو جدہ اور مدینہ منورہ کے ایرپورٹ پر کورنٹائن کرنا لازم ہے یا حجاج کرام ایرپورٹ سے سیدھا مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ اپنی رہائش کو جاسکتے ہیں کے سوال پر انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حکومت سعودی عرب حج کی اجازت دینے کے بعد ہی بتائے گی کہ ہم کو کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا ہے۔ ہم حکومت سعودی عرب کے بتائے ہوئے قانون پر عمل کریں گے۔ سعودی حکومت کی جانب سے حج کی اجازت ملنے کے بعد ہی یہ سب طئے ہوجائے گا۔ ویسے ہر سال شوال کے مہینے میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل ٹیم جدہ آجاتی ہے اور ادویات بھی اس وقت جدہ پہنچ جاتی ہیں۔
انشاء اللہ 15 شوال سے 20 شوال کے درمیان ساری تیاریاں ہوجائیں گی اور یہ تیاری حکومت سعودی عرب کی اجازت کے بعد ہی ہوگی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت تعلیم ہی طئے کریں گی کہ کب تک آن لائن کلاسیس جاری رکھنا چاہئے اور اسکول منیجنگ کمیٹی اور ہائر ایجوکیشن انڈین اسکولز طئے کرسکتی ہے کہ اسکول کی تعلیم کو کس طرح بہتر بنایا جائے۔