حج 2022 ء کیلئے خادم الحجاج کے انتخاب کی تیاریاں

   

۔ 18 فروری تک آن لائین درخواستوں کی سہولت ، سرکاری اداروں کے تجربہ کار ملازمین کو ترجیح

حیدرآباد۔3 ۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2022 ء کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا نے خادم الحجاج کی خدمات کے سلسلہ میں درخواستیں طلب کی ہیں۔ چیف اگزیکٹیو آفیسر محمد یعقوب شیخ نے سرکولر جاری کرتے ہوئے کہا کہ 2 فروری سے درخواستوں کے آن لائین ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 18 فروری تک خواہشمند امیدوار کی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ 150 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ خاتون خادم الحجاج بھی درخواستیں داخل کرسکتی ہیں تاہم محرم کے بغیر حج درخواستوں کی وصولی کی تعداد کی مناسبت سے خاتون خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر درخواستوں کے ادخال کے ساتھ تمام ضروری دستاویزات بھی اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ امیدواروں کے پاس 15 فروری 2022 ء سے قبل جاری کردہ اور 31 ڈسمبر 2022 ء تک مدت کا حامل انٹرنیشنل پاسپورٹ ہونا ضروری ہے۔ امیدواروں کی عمر 31 مارچ 2022 ء کو 25 تا 58 سال کے درمیان ہونی چاہئے ۔ حج 2019 ء میں خادم الحجاج کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے افراد درخواست داخل کرنے کے اہل ہوں گے ۔ امیدواروں کو صحت کے اعتبار سے مکمل طور پر فٹ ہونا چاہئے ۔ کسی سرکاری ہاسپٹل سے حاصل کردہ میڈیکل سرٹیفکٹ داخل کیا جائے۔ درخواست گزار کو عازمین حج کی بولی جانے والی زبان پر عبور رکھنا ہوگا۔ اس کے علاوہ عربی زبان کی قابلیت اضافی تصور کی جائے گی۔ درخواست گزار کووڈ ویکسین کی تمام ضروری خوراک حاصل کئے ہوئے ہو۔ حالیہ عرصہ میں حج یا عمرہ ادا کرنے والے افراد کو ترجیح دی جائے گی۔ سرکاری ، عوامی شعبہ کے اداروں اور دستوری اداروں سے وابستہ افراد درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ عارضی ، پارٹ ٹائم ، اڈہاک اور کنٹراکٹ ملازمین اہل نہیں ہوں گے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومت میں کلاس A عہدیدار خادم الحجاج کیلئے درخواست نہیں دے سکتے۔ پولیس ، ہوم گارڈس ، فاریسٹ اور ریونیو جیسے محکمہ جات میں تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ درخواست گزاروں کو آجرین کی جانب سے این او سی داخل کرنا ہوگا۔ ریاستی حج کمیٹیوں اور وقف بورڈ سے 15 فیصد ملازمین خادم الحجاج کے طور پر نامزد کئے جائیں گے۔ پانچ ہزار عازمین حج کا کوٹہ رکھنے والی ریاست یا مرکزی زیر انتظام علاقہ سے ایک عہدیدار کو ریاستی حج کمیٹی نامزد کرسکتی ہے۔ خادم الحجاج کو حج کے دوران افراد خاندان ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سابق میں خدمات کے دوران اگر خادم الحجاج کے خلاف کوئی منفی رائے ہو تو ایسے امیدوار اہل نہیں ہوں گے ۔ خادم الحجاج سے متعلق تفصیلات حج کمیٹی کے ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ر