حج 2022 ء کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 22 اپریل مقرر

   

65 سال عمر کی حد مقرر، اے کے خاں اور شفیع اللہ نے جائزہ اجلاس منعقد کیا
حیدرآباد۔11 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب کی جانب سے نئے قواعد کے اعلان کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے 65 سال سے کم عمر کے خواہشمند افراد کو درخواستوں کے ادخال کا موقع فراہم کیا ہے۔ 65 سال سے کم عمر کے افراد کے علاوہ 70 سال کے محفوظ زمرہ میں ساتھی کے طور پر داخل کی گئی درخواستوں کے مسترد کئے جانے سے محروم افراد بھی از سر نو درخواست دے سکتے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کے لئے تلنگانہ حج کمیٹی میں عہدیداروں کا اجلاس منعقد ہوا ۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں نے اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور حج کمیٹی کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کے تازہ ترین احکامات کے نتیجہ میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ زمرہ میں ساتھی کے طور پر جن افراد نے درخواستیں دی تھیں وہ بھی مسترد تصور کی جائیں گی ۔ لہذا ایسے افراد انفرادی طور پر دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں۔ آن لائین درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 22 اپریل مقرر کی گئی ہے ۔ ایسے افراد جو پاسپورٹ کی عدم دستیابی یا کسی اور وجہ سے درخواست داخل نہیں کرسکے ، وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاکر 22 اپریل تک درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ اے کے خاں نے کہا کہ حکومت سعودی عرب نے مجموعی طور پر 10 لاکھ عازمین حج کی اجازت کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان کیلئے حج کوٹہ الاٹ نہیں کیا گیا۔ مرکزی حکومت اور سعودی حکومت کے درمیان حج معاہدہ کے بعد ملک کیلئے حج کوٹہ کا تعین ہوگا۔ حج کمیٹی آف انڈیا اور خانگی ٹور آپریٹرس کے کوٹہ کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ہندوستان کے حج کوٹہ کا اعلان کردیا جائے گا ۔ نئے قواعد کے مطابق عازمین حج کو سعودی عرب کی منظورہ ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرنا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر منفی ٹسٹ رپورٹ داخل کرنا ہوگا۔ 65 سال سے کم عمر کے ایسے درخواست گزار جنہوں نے اپنا کور نمبر حاصل کرلیا ہے، انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس مرتبہ بغیر محرم حج کے زمرہ کو ختم کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 70 سال سے زائد عمر کا محفوظ زمرہ بھی نہیں رہے گا۔ عہدیداروں نے کہا کہ جاریہ سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند 22 اپریل تک آن لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ حج کوٹہ کے تعین کے بعد حج کمیٹی کیمپ کے انتظامات کو قطعیت دے گی۔ ر