ویکسین کی دونوں خوراک لازمی، حکومت سعودی عرب سے مشاورت کے بعد گائیڈ لائینس کی اجرائی، مختار عباس نقوی نے حج انتظامات کا جائزہ لیا
محرم کے بغیر زمرہ کی گزشتہ دو برسوں کی درخواستیں آئندہ سال کیلئے قبول
حیدرآباد۔22 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے لئے مرکزی حکومت کی جانب سے نومبر کے پہلے ہفتہ میں اعلامیہ جاری کیا جائے گا اور امید کی جارہی ہے کہ کورونا کی صورتحال میں بہتری کے نتیجہ میں دو سال کے وقفہ کے بعد ہندوستانی عازمین حج کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل ہوگی۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج نئی دہلی میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں حج 2022 ء کے انتطامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید ، سکریٹری وزارت اقلیتی امور رینوکا کمار ، جوائنٹ سکریٹری اقلیتی امور مس نگار فاطمہ ، جوائنٹ سکریٹری (گلف) وزارت خارجہ ویپل ، جوائنٹ سکریٹری شہری ہوا بازی ایس کے شرما ، ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل وزارت صحت پی کے سین ، چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا محمد یعقوب شیخ ، جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل شاہد عالم ، ایر انڈیا کے اگزیکیٹیو ڈائرکٹر ملوین ڈیسوزا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے بتایا کہ عازمین حج کا انتخاب ٹیکہ اندازی کی تکمیل کی بنیاد پر ہوگا اور ہندوستان اور سعودی عرب حکومتوں کی جانب سے حج 2022 کے لئے گائیڈ لائینس طئے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل ہیلت کارڈ (ای مسیحا) اور ای لگیج پری ٹیگنگ کے تحت عازمین حج کو مکہ اور مدینہ میں قیام ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتوں کے بارے میں اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں حج 2022 ء کے لئے باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اور عازمین حج سے آن لائین درخواستیں طلب کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں حج 2022 ء کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل رہے گا۔ انڈونیشیا کے بعد ہندوستان سے سب سے زیادہ تعداد میں عازمین حج روانہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پروٹوکول ، صحت و صفائی کے بارے میں خصوصی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ حج 2022 ء میں کورونا سے متعلق بین الاقوامی قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے گا ۔ نقوی نے کہا کہ وزارت اقلیتی امور ، وزارت صحت ، وزارت خارجہ ، وزارت شہری ہوابازی ، حج کمیٹی آف انڈیا ، ہندوستانی سفارتخانہ ، جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل اور دیگر اداروں سے اشتراک کے بعد تفصیلی پروگرام جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حج 2022 ء کے انتظامات سعودی حکومت کے قواعد اور کورونا وباء کو پیش نظر رکھتے ہوئے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں قیام کی مدت ، ٹرانسپورٹیشن ، ہیلت اور دیگر سہولتوں کے بارے میں کورونا وباء کے پیش نظر اہم تبدیلیوں کا امکان ہے ۔ نقوی نے کہا کہ حج 2020 اور 2021 ء کے لئے محرم کے بغیر کوٹہ میں 3000 سے زائد خواتین نے درخواست دی تھی ، اگر وہ حج 2022 ء کی سعادت حاصل کرنے تیار ہیں تو ان کی تمام درخواستیں حج 2022 ء کے لئے اہل قرار پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ دیگر خواتین بھی اس زمرہ میں درخواستیں دے سکتے ہیں۔ محرم کے بغیر زمرہ کی تمام درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر قبول کیا جاتا ہے ۔ اجلاس میں حج 2022 ء کے لئے ہندوستان کیلئے امکانی کوٹہ ، حج ایر چارٹر ، کورونا پروٹوکول ، ٹیکہ اندازی اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ خادم الحجاج کے انتخاب اور ان کی ٹریننگ پر بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔ ر