حج 2022 ء کے لیے تلنگانہ کو 1822 عازمین کا کوٹہ الاٹ

   

آندھراپردیش کیلئے 1201 کی منظوری، ترمیمی الاٹمنٹ میں عازمین کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا میں حج 2022 ء کے لئے ریاستوں کو مختص کردہ کوٹہ پر نظرثانی کرتے ہوئے معمولی اضافہ کیا ہے ۔ نظرثانی شدہ الاٹمنٹ کے تحت تلنگانہ کیلئے 1822 اور آندھراپردیش کیلئے 1201 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے ڈپٹی چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے سرکولر کے ذریعہ تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو اس کی اطلاع دی ہے۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور نے حج کمیٹی آف انڈیا کیلئے 56601 کا کوٹہ الاٹ کیا ہے۔ سرکولر کے مطابق خادم الحجاج کیلئے 377 اور اہم شخصیتوں کے کوٹہ کے تحت 500 نشستیں مختص کی گئی ہیں ۔ محرم کوٹہ کے تحت 500 اور محرم کے بغیر حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہاں خواتین کیلئے 1812 نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔ 2011 مردم شماری کے تحت ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے کوٹہ الاٹ کیا گیا ۔ حج کمیٹی آف انڈیا قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب کرے گی اور قرعہ اندازی ریاستوں کے بجائے قومی سطح پر کی جائے گی۔ اس کے لئے تاریخوں کا تعین نہیں کیا گیا ہے ۔ حج کمیٹی عیدالفطر سے قبل قرعہ اندازی کی تکمیل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 2011 مردم شماری کے مطابق تلنگانہ میں مسلم آبادی 4464852 ہے جبکہ آندھراپردیش میں مسلم آبادی 3617713 ہے ۔ حج کمیٹی نے تمام ریاستوں میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ مقرر کرتے ہوئے احکامات جاری کئے ۔ ابتداء میں تلنگانہ کیلئے 1724 اور آندھراپردیش کیلئے 1157 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا، تاہم نظرثانی شدہ الاٹمنٹ میں دونوں ریاستوں کیلئے عازمین کے کوٹہ میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔ر