حج 2022 کیلئے اے پی حج کمیٹی کے انتظامات

   

حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش امجد باشاہ جو محکمہ اقلیتی بہبود کے وزیر بھی ہیں حج 2022 کیلئے آندھرا پردیش حج کمیٹی کی جانب سے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کیا ہے۔ درخواست گذاروں کیلئے سفر حج پر روانگی سے کم از کم ایک ماہ قبل حکومت سے مستند کوویڈ 19 ویکسین کی دو خوراکوں کا لینا شرط ہے۔ حکومت سعودی عرب کی ہدایات کے مطابق درخواست گذاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ حج 2022 کیلئے درخواستیں حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی نے بتایا کہ صرف آن لائن درخواستوں کو قبول کیا جائے گا۔ درخواست گذاروں کی عمر 65 سال سے زائد نہیں ہونی چاہیئے۔ ہر کور میں 5 افراد کی گنجائش رہے گی اور سفر حج 36 تا 46 ایام پر مشتمل رہے گا۔ درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 31 جنوری 2022 تک درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ مزید تفصیلات کیلئے آندھرا پردیش حج کمیٹی کے ٹول فری نمبر 18004257873 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ نے آندھرا پردیش حج کمیٹی کے عہدیداروں اور ریاست کی حج سوسائٹیز کو ہدایت دی ہے کہ درخواستوں کے ادخال کیلئے مناسب رہنمائی کریں۔ر