حج 2022 کیلئے تلنگانہ میں درخواستوں کے ادخال کا حوصلہ افزاء ردعمل

   

حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹرس، کورنمبرس الاٹمنٹ کا کام باقی، فروری میں قرعہ اندازی
حیدرآباد۔/10 نومبر،( سیاست نیوز) حج 2022 کیلئے تلنگانہ میں درخواستوں کے ادخال کا حوصلہ افزاء ردعمل دیکھا گیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے یکم نومبر سے حج درخواستوں کی آن لائن ادخال کی سہولت فراہم کی ہے اور 31 جنوری 2022 درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ رہے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ہر سال کی طرح عازمین کی سہولت کیلئے حج ہاوز نامپلی میں 4 خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں جہاں عازمین اپنی درخواستیں آن لائن داخل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ حج سے متعلق معلومات کیلئے ہیلپ لائن کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا۔ ایگزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ کی نگرانی میں اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں رہنمائی کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین دن سے کثیر تعداد میں عازمین نے اپنی درخواستیں آن لائن کرائی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کی تعداد کا پتہ چلانے سے متعلق کوڈ تلنگانہ حج کمیٹی کو فراہم نہیں کیا ہے کیونکہ درخواستوں کیلئے کور نمبر الاٹمنٹ کا ابھی آغاز نہیں ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ ہفتہ کور نمبر الاٹمنٹ کا آغاز ہوگا۔ درخواست گذاروں کو فی الوقت رجسٹریشن فیس کے طور پر 300 روپئے کی ادائیگی اور درخواست کے ادخال سے متعلق مسیج روانہ کیا جارہا ہے۔ گذشتہ دو برسوں میں ہندوستانی عازمین حج فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہے۔ کورونا وباء کے پیش نظر سعودی حکومت نے بیرونی عازمین حج کو اجازت نہیں دی تھی۔ کورونا وباء کی شدت میں کمی اور سعودی عرب میں کورونا قواعد میں نرمی کے پیش نظر امید کی جارہی ہے کہ حج 2022 میں ہندوستانی عازمین حج کو شرکت کا موقع حاصل ہوگا۔ حکومت سعودی عرب سے ہندوستان کے حج معاہدہ کو قطعیت دینے کا کام ابھی باقی ہے اور اس معاہدہ میں ہندوستان کیلئے حج کوٹہ کا تعین کیا جاتا ہے۔ ڈسمبر یا جنوری میں مرکزی ٹیم سعودی عرب کا دورہ کرے گی جہاں حج معاہدہ طئے پائے گا۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے عبوری شیڈول کے مطابق فروری 2022 میں عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ 31 مئی سے 3 جولائی تک عازمین حج کی پروازوں کا اہتمام رہے گا جبکہ 9 جولائی یوم عرفہ کے طور پر ہونے کا امکان ہے۔ اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر عرفان شریف نے بتایا کہ حج ہاوز کے خصوصی کاؤنٹرس میں آن لائن درخواستوں کے ادخال کے خواہشمند عازمین کو اپنے ساتھ پاسپورٹ، بینک پاس بک، آدھار کارڈ اور کوویڈ ویکسنیشن سرٹیفکیٹ کی نقولات کے علاوہ پاسپورٹ سائز کی اپنی تازہ تصویر پیش کرنا ہوگا۔ر