حج 2022 کیلئے تلنگانہ میں عازمین کو درخواستوں کے ادخال کی سہولت

   

Ferty9 Clinic

اے کے خاں اور بی شفیع اللہ نے حج ہاؤز کا دورہ کیا
حیدرآباد۔16۔نومبر (سیاست نیوز) حج 2022 ء کے لئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرس کا حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں اور اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ نے معائنہ کیا۔ اس موقع پر درخواستوں کے ادخال کیلئے موجود عازمین حج سے بات چیت کی گئی۔ دونوں عہدیداروں نے خصوصی کاؤنٹرس پر تعینات ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اگزیکیٹیو آفیسر بی شفیع اللہ نے حج کیمپ کے انعقاد اور عازمین حج کے ٹرانسپورٹیشن ، ویزا اور دیگر سہولتوں کی فراہمی پر بات چیت کی ۔ کووڈ قواعد کے مطابق حج کمیٹی کو انتطامات کرنے ہوں گے۔ اے کے خاں نے سعودی عرب میں ہندوستانی سفیر ڈاکٹر اوصاف سعید سے فون پر بات چیت کی اور سعودی عرب میں ہندوستانی عازمین حج کے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ہندوستان کے لئے حج کوٹہ کا الاٹمنٹ ، حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے طیاروں کی روانگی اور سعودی عرب میں قیام کے دوران انتظامات کو جنوری کے بعد قطعیت دی جائے گی۔ جنوری میں دونوں ممالک کے عہدیداروں کے درمیان حج انتظامات کے سلسلہ میں یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوسکتے ہیں۔ حج درخواستوں کا آن لائین حصول مکمل طور پر عبوری ہے اور یہ سعودی عرب کی جانب سے حج کوٹہ الاٹمنٹ کے تابع ہوگا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف نے کاؤنٹرس کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ عازمین حج کی جانب سے حوصلہ افزاء ردعمل اظہار کیا جارہا ہے۔ عازمین حج درخواستوں کے ادخال کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کے موبائیل ایپ کا استعمال کرسکتے ہیں یا پھر حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔ مزید تفصیلات فون نمبر 040-23298793 سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ ر