محمد سلیم کی ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے بات چیت ، کووڈ سرٹیفکٹ کیلئے درمیانی افراد کے رول پر برہمی
حیدرآباد۔23۔ فروری (سیاست نیوز) ریجنل پاسپورٹ آفیسر بالیا نے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کو تیقن دیا کہ حج 2023 ء کے سلسلہ میں پاسپورٹ سے متعلق درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے گی۔ انہوں نے عازمین حج کی درخواستوں کی یکسوئی کیلئے علحدہ کاؤنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے ربط قائم کرتے ہوئے بتایا کہ آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 10 مارچ آخری تاریخ ہے ۔ ایسے درخواست گزار جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے یا پھر حج کمیٹی کے قواعد کے مطابق نہیں ہے، وہ پاسپورٹ آفس سے رجوع ہورہے ہیں۔ حج کمیٹی کے سفارشی خط کے ساتھ رجوع ہونے والے عازمین کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی جائے ۔ پاسپورٹ آفیسر نے بتایا کہ روزانہ تقریباً 50 سے زائد درخواستیں موصول ہورہی ہیں اور انہوں نے خصوصی کاؤنٹرس کے قیام کی ہدایت دی ہے۔ پاسپورٹ آفیسر نے کہا کہ عازمین حج کی درخواستوں کی فی الفور یکسوئی کرتے ہوئے نئے پاسپورٹس یا پھر تجدید کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ اسی دوران صدرنشین حج کمیٹی نے ملازمین کو انتباہ دیا کہ اگر کووڈ سرٹیفکٹس کے معاملہ میں درخواست گزاروں سے رقومات وصول کی جائیں گی تو کریمنل کیس درج کرایا جائے گا ۔ انہوں نے کووڈ سرٹیفکٹ کیلئے درمیانی افراد کی سرگرمیوں اور کمیٹی کے بعض ملازمین کی ملی بھگت پر برہمی ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال کے وقت کووڈ سرٹیفکٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔ روانگی سے قبل سرٹیفکٹ جمع کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے عازمین کے لئے ٹوکن اجرائی کاؤنٹر کو شام 5 بجے تک کھلا رکھنے کی ہدایت دی تاکہ دور دراز سے آنے والے درخواست گزاروں کو واپس ہونا نہ پڑے۔ محمد سلیم نے ہیلپ لائین نمبر اور حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر دیئے گئے موبائیل نمبرات پر عازمین کے سوالات کا جواب دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ حج سیزن میں ملازمین کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ر