حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 6300 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 1670 کور نمبرس جاری کردیئے گئے۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 10 مارچ مقرر کی گئی ہے اور عازمین حج کی خواہش پر مختلف ریاستوں کی حج کمیٹیوں نے تاریخ میں توسیع کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا سے سفارش کی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ درخواستوں کے ادخال کیلئے مزید ایک ہفتہ کی مہلت دی جاسکتی ہے۔ حج کے خواہشمند افراد کے پاسپورٹ کی اجرائی کا مسئلہ بھی زیر التواء ہے۔ حج کمیٹی نے درخواست گذاروں کے ناموں کی ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے سفارش کی تاکہ انہیں مقررہ تاریخ سے قبل نئے پاسپورٹ جاری کئے جائیں کیونکہ درخواستوں کے ادخال کیلئے پاسپورٹ کی موجودگی ضروری ہے۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے درخواست فارمس کے ادخال کیلئے قائم کردہ خصوصی کاؤنٹرس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ وہ عازمین حج کی مکمل رہنمائی کریں اور پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے مکمل تعاون کیا جائے۔ محمد سلیم نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا سے ملاقات کرتے ہوئے پاسپورٹس کی عاجلانہ اجرائی کی خواہش کی تھی۔اسی دوران حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر عازمین حج کیلئے خصوصی ٹرمینل کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے محمد سلیم اور ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ عنقریب دورہ کریں گے۔ ر
