حج 2023 کیلئے تلنگانہ سے 7900 درخواستیں

   

20 مارچ آخری تاریخ، حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹر
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو 7900 درخواستیں آن لائن موصول ہوئی ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 20 مارچ تک توسیع کی ہے جبکہ سابق میں 10 مارچ آخری تاریخ تھی۔ 10 مارچ تک تقریباً 6000 درخواستیں داخل کی گئی تھیں تاہم تاریخ میں توسیع کے بعد درخواستوں کے ادخال میں اضافہ ہوا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ 20 مارچ تک تلنگانہ سے تقریباً 10 ہزار درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ سعودی عرب کی جانب سے ہندوستان کو ایک لاکھ 75 ہزار عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جن میں سے 80 فیصد ریاستی حج کمیٹیوں کو الاٹ کئے جائیں گے۔ توقع ہے کہ تلنگانہ کیلئے 7 ہزار سے زائد عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے کور نمبرس کی اجرائی کا سلسلہ جاری ہے اور ابھی تک 2500 سے زائد کور نمبرس جاری کئے گئے۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم کی نمائندگی پر ریجنل پاسپورٹ آفس نے 250 سے زائد درخواست گذاروں کے پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی ہے۔ درخواست گذاروں کیلئے انٹر نیشنل پاسپورٹ ضروری ہے اس کے علاوہ پاسپورٹ کی مدت 3 فروری 2024 تک برقرار رہنی چاہیئے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے حج ہاوز میں 7 خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں جہاں مفت خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ محمد سلیم نے جی ایم آر حکام کو حج ٹرمینل کے انتظامات کے بارے میں تجاویز پیش کی ہیں۔ر