آج آخری تاریخ، حج ہاوز میں خصوصی کاؤنٹرس کا قیام
حیدرآباد۔/19مارچ، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کو صرف ایک دن باقی ہے اور کل 20 مارچ آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ رہے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو تاحال 8300 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ جاریہ سال حج کوٹہ میں اضافہ کی امید ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ تلنگانہ سے تقریباً 10 ہزار درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ حج کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ درخواست گذاروں کیلئے 3000 کور نمبرس جاری کردیئے گئے ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ریاستی حج کمیٹیوں کی درخواست پر آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں دس دن توسیع کرتے ہوئے 20 مارچ تک مہلت دی ہے۔ مزید تاریخ میں توسیع کے بارے میں یقینی طور پر کہا نہیں جاسکتا لہذا فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کو چاہیئے کہ وہ پیر کی شام تک آن لائن درخواستیں داخل کردیں۔ حج کمیٹی کی جانب سے درخواست گذاروں کی سہولت کیلئے حج ہاوز نامپلی میں خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں درخواستوں کے مفت ادخال کی سہولت حاصل ہے۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2023 کے ٹرینر سلیکشن کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔17 مارچ سے ٹرینرس کیلئے درخواستوں کے ادخال کاآغاز ہوا، اور27 مارچ آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ریاستی حج کمیٹیاں 5 اپریل تک ٹرینرس کا انتخاب کرلیں گی جن کیلئے اپریل میں ٹریننگ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ر