حج 2024 کیلئے تلنگانہ سے سفری اخراجات 3 لاکھ 34ہزار 700 روپئے

   

قربانی کیلئے 15180 کی ادائیگی ، تیسری اور آخری قسط کی 27 اپریل تک ادائیگی کی مہلت

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کے سفری اخراجات کا تعین کردیا ہے۔ عازمین حج کی روانگی سے متعلق ملک کے 20 امبارکیشن پوائنٹس کے اعتبار سے سفری اخراجات کا تعین کیا گیا۔ تلنگانہ کے عازمین کو مکمل سفری اخراجات کے طور پر 334700 روپئے ادا کرنے ہوں گے جبکہ وجئے واڑہ سے روانہ ہونے والے آندھراپردیش کے عازمین حج کے لئے 402700 روپئے سفری اخراجات کا تعین کیا گیا ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی نے سرکولر جاری کرتے ہوئے سفری اخراجات کی تفصیلات کا انکشاف کیا ہے ۔ حج 2024 کے منتخب عازمین نے تاحال دو اقساط میں رقم جمع کرادی ہے اور تیسری قسط کے طور پر تلنگانہ کے عازمین حج کو 82900 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ امبارکیشن پوائنٹس اور ایر لائینس کے کرایہ کے اعتبار سے سفری اخراجات کا تعین کیا جاتا ہے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین نے پہلی قسط کے طور پر 81800 روپئے ادا کئے ہیں جبکہ دوسری قسط کے تحت 170000 روپئے جمع کرائے گئے ۔ تلنگانہ کے مجموعی سفری اخراجات 334700 روپئے کے اعتبار سے عازمین کو تیسری قسط کے طور پر 82900 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ عازمین حج سرکاری سطح پر قربانی کا فریضہ انجام دینا چاہتے ہیں تو انہیں 15180 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ شیعہ عازمین کو جہفہ میقات کیلئے فی کس 3795 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ شیرخوار بچوں کی روانگی کی صورت میں فی کس 9700 روپئے ادا کئے جائیں ۔ قربانی کے بغیر سفری اخراجات کی مجموعی رقم 334700 روپئے ہے جبکہ قربانی کے ساتھ یہ رقم 349880 ہوجائے گی۔ تلنگانہ کے عازمین حج قربانی کے بغیر تیسری قسط 82900 ادا کریں گے جبکہ قربانی کے ساتھ فی کس 98080 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ تیسری قسط ادا کرنے کی آخری تاریخ 27 اپریل مقرر کی گئی ہے ۔ عازمین حج اسٹیٹ بنک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں یہ رقم جمع کرسکتے ہیں۔ عازمین کو رباط کی سہولت حاصل ہونے پر طئے شدہ رہائش کی رقم واپس کردی جائے گی۔ ہندوستانی عازمین حج کی روانگی کا 9 مئی سے آغاز ہوگا۔ اسی دوران نئی حج پالیسیوں کے تحت عازمین حج کو فی کس 2100 ریال کی ادائیگی کا سلسلہ ختم کردیا گیا ہے۔ گزشتہ سال سے یہ رقم ادا نہیں کی جارہی ہے ۔ دراصل حج کمیٹی آف انڈیا عازمین حج سے زائد رقم حاصل کر کے انہیں روانگی کے وقت واپس کر رہی تھی۔ 1