حج 2024 کے سفری اخراجات جمع کرانے کیلئے 13 مارچ تک مہلت

   

تیسری قسط کا عنقریب تعین، تلنگانہ سے 840 عازمین نے سفر منسوخ کردیا، حج کمیٹی کا سرکولر جاری
حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کے منتخب عازمین کے لئے دوسری قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں 13 مارچ تک توسیع کردی ہے۔ سفری اخراجات کی دوسری قسط کے طور پر 170000 روپئے حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرانے ہوں گے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر لیاقت علی آفاقی نے سرکولر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے ابتداء میں 10 مارچ آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ مختلف ریاستوں سے حج کمیٹیوں اور دیگر تنظیموں کی نمائندگی پر آخری تاریخ میں 13 مارچ تک توسیع کی گئی ہے۔ عازمین حج 170000 روپئے کی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر کریڈٹ کارڈ ، ڈبٹ کارڈ ، نیٹ بینکنگ یا یو پی آئی کے ذریعہ جمع کراسکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں یہ رقم جمع کرائی جاسکتی ہے ۔ سفری اخراجات کی تیسری قسط کے بارے میں فضائی کرایہ اور سعودی عرب میں قیام کے اخراجات کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔ تیسری قسط کی رقم کے بارے میں عنقریب عازمین حج کو اطلاع دی جائے گی۔ امبارکیشن پوائنٹس کے اعتبار سے حج مصارف کی رقم طئے کی جاتی ہے جو حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر پیش کی جائے گی۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے واضح کیا کہ دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں ہوگی۔ اسی دوران تلنگانہ سے منتخب عازمین میں 840 نے اپنا سفر منسوخ کردیا ہے ۔ 550 این آر آئیز عازمین ہیں جنہیں انٹرنیشنل پاسپورٹ جمع کرانے کیلئے 24 اپریل تک مہلت دی گئی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے 6080 منتخب عازمین کے پاسپورٹس حج کمیٹی آف انڈیا کو روانہ کردیئے ہیں۔ اسی دوران محرم کوٹہ کے تحت مختص 500 نشستوں کیلئے آن لائین درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 مارچ ہے۔ 1