13 فروری کو حیدرآباد میں قرعہ اندازی، جناب عامر علی خاں کی مکہ مکرمہ میں ناظر رباط جناب حسین شریف سے ملاقات
حیدرآباد ۔23۔جنوری (سیاست نیوز) حج 2025 کیلئے مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی نظام رباط میں قیام کے سلسلہ میں عازمین حج کی قرعہ اندازی13 فروری کو مقرر ہے۔ سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ریاستوں کے عازمین حج کی قرعہ اندازی کے ذریعہ 710 عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے مکہ مکرمہ میں رباط کے طور پر عصری سہولتوں سے آراستہ عالیشان عمارت کا انتخاب کیا ہے۔ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط کا معائنہ کیا اور عازمین حج کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف کی مساعی کو سراہا۔ جناب عامر علی خاں نے امید ظاہر کی کہ حج 2025 کے موثر انتظامات کے نتیجہ میں تلنگانہ کے عازمین حج کسی بھی دشواری کے بغیر فریضہ حج کی تکمیل کرپائیں گے۔ حیدرآبادی رباط میں گزشتہ برسوں کی طرح عازمین حج کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔ ناظر رباط نے بتایا کہ نظام اسٹیٹ کے تحت تلنگانہ کے 33 ، کرناٹک 4 اور مہاراشٹرا کے 8 اضلاع سے تعلق رکھنے والے ریاستی حج کمیٹیوں کے منتخب عازمین کی قرعہ اندازی کے لئے 710 عازمین کا انتخاب کیا جائے گا ۔ ناظر رباط نے سعودی حکومت سے 710 عازمین حج کے قیام کی تصریح حاصل کرلی ہے۔ رباط میں عازمین حج کا مفت قیام رہے گا اور فی عازم 50 تا 60 ہزار روپئے کی بچت ہوگی اور یہ رقم حج کی تکمیل کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا واپس کرے گی۔ مکہ مکرمہ میں عزیزیہ علاقہ میں رباط کے لئے عمارت کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے تلنگانہ حج کمیٹی کو رباط میں رہائش کی گنجائش اور سہولتوں کے بارے میں واقف کرایا۔ قرعہ اندازی کی تاریخ کے تعین کے لئے صدرنشین حج کمیٹی جناب غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سے مشاورت کے بعد 13 فروری کا انتخاب کیا گیا ۔ یہ قرعہ اندازی کمپیوٹرائز رہے گی اور کسی بھی سفارش کی گنجائش نہیں رہے گی۔ کمپیوٹرائز قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت رہے گی۔ جناب عامر علی خاں عمرہ کی ادائیگی کے سلسلہ میں مکہ مکرمہ میں ہیں اور انہوں نے ہندوستانی حج مشن کی جانب سے مکہ مکرمہ ، ایام حج اور مدینہ منورہ میں انتظامات کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ ناظر رباط نے کہا کہ سابق نظام اسٹیٹ کے عازمین کو رباط میں قیام کے سلسلہ میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی رہنمائی ہمیشہ حاصل رہی ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے ناظر رباط سے خواہش کی کہ رباط میں گزشتہ برسوں کی طرح بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ ضعیف العمر اور خاتون عازمین کو دشواری نہ ہو۔ جناب حسین محمد الشریف نے بتایا کہ قرعہ اندازی تقریب 13 فروری کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔1