حج 2025 کیلئے تلنگانہ سے تمام درخواستوں کی منظوری کی توقع

   

جاریہ ماہ کے اواخر سے تربیتی کیمپس کا آغاز، صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی خسرو پاشاہ کا بیان
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ کے تمام درخواست گذاروں کی منظوری حاصل ہوجائے گی اور حج 2025 کیلئے تمام درخواست گذار اہل قرار پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے تاحال تلنگانہ سے 1631 ویٹنگ لسٹ کو منظوری دی ہے اور محض 851 درخواست گذار ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں۔ حج سرگرمیوں کے آغاز تک باقی تمام درخواست گذاروں کی منظوری حاصل ہوجائے گی اور تلنگانہ کے تمام درخواست گذار حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے حج کمیٹی آف انڈیا کو کئی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج 2025 کیلئے 150 عازمین کیلئے ایک خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا جبکہ سابق میں یہ تعداد200 تھی۔ انہوں نے کہا کہ جس ریاست کے عازمین حج ہوں گے ان کی خدمات اسی ریاست تک محدود رہے گی۔ قافلہ کی روانگی کے وقت ہی ہر خادم الحجاج کیلئے 150 عازمین حج الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج 2025 کے لئے سعودی عرب میں بہتر انتظامات کی مرکز سے نمائندگی کی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں حج تربیتی کیمپس کا آغاز ہوگا۔ پہلا کیمپ حیدرآباد میں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ پیدل چلنے کی عادت ڈالیں تاکہ ایام حج کے دوران مناسک حج کی ادائیگی میں پیدل سفر ضروری ہوتا ہے۔ گذشتہ سال حج کے موقع پر عازمین حج کو جو دشواریاں پیش آئی تھیں ان کا تدارک کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔1