حج 2025 کیلئے تلنگانہ میں 1631 ویٹنگ لسٹ کی منظوری

   

دونوں اقساط کی رقم داخل کرنے 16 ڈسمبر تک مہلت، تلنگانہ میں باقی 851 ویٹنگ لسٹ کی آئندہ منظوری کا امکان
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ کیلئے حج 2025 کی ویٹنگ لسٹ میں 1631 نشستوں کی منظوری دی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر نظیم احمد نے اس سلسلہ میں سرکولر جاری کیا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کی 11 ریاستوں کیلئے ویٹنگ لسٹ کے تحت جملہ 13549 نشستوں کی منظوری دی گئی ہے۔ منتخب عازمین کی جانب سے سفر حج کی منسوخی کے سبب یہ نشستیں خالی ہوئی ہیں۔ حج 2025 سیزن کیلئے پہلی مرتبہ ریاستوں کو ویٹنگ لسٹ منظور کی گئی۔ تلنگانہ کے علاوہ جن ریاستوں کو ویٹنگ لسٹ الاٹ کی گئی ان میں چھتیس گڑھ، دہلی، گجرات، ہریانہ، کرناٹک، کیرالا ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، ٹاملناڈو اور اُتراکھنڈ شامل ہیں۔ مہاراشٹرا کیلئے 3696 ، ٹاملناڈو 1015 ، کرناٹک 2074 ، کیرالا 1711 اور گجرات کیلئے 1723 ویٹنگ لسٹ کی منظوری عمل میں آئی ہے۔ حج 2025 کیلئے تلنگانہ کا کوٹہ 3115 الاٹ کیا گیا تھا جبکہ 9011 درخواستیں موصول ہوئیں۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ 6519 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا اور ویٹنگ لسٹ کی تعداد 2492 تھی جس میں سے 1631 کی حج کمیٹی آف انڈیا نے منظوری دے دی ہے۔ تلنگانہ میں ویٹنگ لسٹ کی باقی تعداد محض 851 ہے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ عازمین کی روانگی سے قبل تلنگانہ کی باقی تمام ویٹنگ لسٹ کو منظوری حاصل ہوجائے گی اور تمام درخواست گذار حج کی سعادت حاصل کرپائیں گے۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے ویٹنگ لسٹ میں منتخب عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ 16 ڈسمبر تک پہلی اور دوسری قسط کی جملہ رقم 272300 روپئے جمع کرادیں۔ اس رقم میں پہلی قسط کی 130300 روپئے اور دوسری قسط کی 142000 کی رقم شامل ہے۔ دونوں اقساط کی مجموعی رقم حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر ای ۔ پیمنٹ یا حج سویدھا ایپ پر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، نیٹ بینکنگ یا یو پی آئی سے ادا کی جاسکتی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کی جاسکتی ہے۔ دونوں اقساط کی رقم ادا کرنے کے بعد ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کو 18 ڈسمبر تک ریاستی حج کمیٹی کے پاس حج درخواست فارم ، حلفنامہ، پے اِن سلپ یا آن لائن رسپٹ کی کاپی، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اور انٹرنیشنل پاسپورٹ کی کاپی داخل کرنا ہوگا۔ ریاستی حج کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ عازمین کی جانب سے موصول ہونے والی دستاویزات کو حج کمیٹی آف انڈیا کے پورٹل پر اَپ لوڈ کریں۔1