حج 2025 کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 23 ستمبر تک توسیع

   

65 سال سے زائد عمر کے افراد کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب
حیدرآباد۔/10 ستمبر،( سیاست نیوز) حج 2025 کے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ میں 23 ستمبر تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا لیاقت علی آفاقی نے سرکولر جاری کرتے ہوئے ریاستی حج کمیٹیوں کو تاریخ میں توسیع کی اطلاع دی۔ حج 2025 کیلئے خواہشمند افراد سے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 13 اگسٹ کو ہوا تھا اور 9 ستمبر آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم ریاستی حج کمیٹیوں اور مسلمانوں کے مختلف گوشوں سے نمائندگی کے بعد آخری تاریخ میں 23 ستمبر تک توسیع کی گئی۔ سرکولر کے مطابق اہل درخواست گذاروں کے پاس انٹر نیشنل پاسپورٹ ہونا چاہیئے جو 23 ستمبر 2024 سے قبل جاری کردہ ہو اور جس کی میعاد 15 جنوری 2026 تک ہونی چاہیئے۔ درخواست گذار حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ http://hajcommittee.gov.in پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ موبائیل فون پر حج سویدھا ایپ کے ذریعہ بھی درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے تنہا سفر کے بارے میں مشورہ دیا ہے کہ ان کے ساتھ اولاد اور قریبی رشتہ دار ہوں تو فریضہ حج کی ادائیگی میں سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب ہوگا اور ان کے ساتھ کسی ایک فرد خاندان کو فریضہ حج کی اجازت رہے گی لہذا ضعیف افراد کو تنہا سفر میں بھیجنے کے بجائے اولاد کو ساتھ جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 حج کے دوران ضعیف العمر افراد کے تنہا ہونے سے بعض اموات واقع ہوئی ہیں۔1