رہائشی عمارتوں کے بارے میں وزارت اقلیتی امور سے نمائندگی، مقررہ تاریخ تک پہلی قسط ادا کرنے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی کی اپیل
حیدرآباد۔/9 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ حج 2025 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کو نقائص سے پاک انتظامات یقینی بنانے کیلئے مرکزی وزارت اقلیتی امور سے نمائندگی کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے خسرو پاشاہ نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائشی عمارتوں کے بارے میں حج کمیٹی کو قبل از وقت اطلاع دینے کی خواہش کی گئی تاکہ حج کمیٹی کے عہدیدار عمارتوں کا معائنہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال تلنگانہ کے بعض عازمین حج کو رہائشی عمارتوں میں سہولتوں کی کمی کے باعث دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور سے نمائندگی کی جائے گی کہ عمارتوں کی تفصیلات سے حج کمیٹی کو پہلے واقف کرایا جائے تاکہ یہاں سے ایک ٹیم سعودی عرب پہنچ کر عمارتوں کا معائنہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحجاج کے بارے میں بھی حج کمیٹی آف انڈیا سے نمائندگی کی گئی ہے کہ تلنگانہ کے خادم الحجاج کو صرف تلنگانہ کے عازمین کی خدمت تک محدود کیا جائے دیگر ریاستوں کے عازمین کیلئے خادم الحجاج کی خدمات کے نتیجہ میں تلنگانہ کے عازمین رہنمائی سے محروم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حج 2025 کے لئے تلنگانہ سے 6519 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 9011 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کے تقریباً 2500 عازمین حج کو ویٹنگ لسٹ کے تحت رکھا گیا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ ویٹنگ لسٹ کی بھی منظوری حاصل ہوگی۔ انہوں نے منتخب عازمین حج سے خواہش کی کہ 21 اکٹوبر تک حج مصارف کی پہلی قسط کے طور پر ایک لاکھ 30 ہزار 300 روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کو ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں راست طور پر جمع کرائی جاسکتی ہے۔ پہلی قسط کی ادائیگی کے بعد عازمین حج 23 اکٹوبر تک حج درخواست فارم، حلفنامہ، پے سلپ اور میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ تلنگانہ حج کمیٹی کے پاس داخل کریں۔ انہوں نے کہاکہ مقررہ مدت میں پہلی قسط کی عدم ادائیگی کی صورت میں حج نشست منسوخ کردی جائے گی۔ گذشتہ سال کے تجربات کے پیش نظر عازمین حج کو صحت کا بطور خاص خیال رکھنا چاہیئے اور پیدل چلنے کی عادت ڈالیں۔ 1