عازمین حج مشقت کیلئے تیار رہیں، رنگاریڈی میںحج کمیٹی کا تربیتی کیمپ
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے زیر اہتمام ضلع رنگاریڈی کے منتخب عازمین حج کیلئے تربیتی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ عطا پور میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں علماء کرام نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ سعودی عرب میں قیام کے دوران زیادہ تر وقت عبادات میں صرف کریں کیونکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عبادات کے ساتھ ساتھ دعاؤں کی غیر معمولی فضیلت ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہا کہ حج ایک مشقت اور آزمائش ہے اور عازمین حج کو ذہنی طور پر تیار رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران پیدل چلنے کی عادت ہونی چاہیئے جس کی ابھی سے مشق کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادات کے احترام میں خشوع و خضوع کو ملحوظ رکھا جائے اور دنیاوی امور سے خود کو علحدہ رکھتے ہوئے مناسک حج کی ادائیگی پر توجہ مبذول کریں۔ گذشتہ سال کے تجربات کو دیکھتے ہوئے حج کمیٹی آف انڈیا نے جاریہ سال موثر انتظامات کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ایام حج اور اس کے بعد عازمین حج کی سہولت کیلئے کئی تجاویز پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کی روانگی اور واپسی کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جارہے ہیں۔ تربیتی کیمپس کے انعقاد کا مقصد عازمین حج کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج کیمپ اور سعودی عرب میں موثر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ تلنگانہ سے 6519 عازمین حج قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخب ہوچکے ہیں جبکہ ویٹنگ لسٹ کے تحت 2288 عازمین منتخب قرار پائے۔ تلنگانہ سے ویٹنگ لسٹ کے تحت صرف 254 عازمین باقی ہیں اور امید ہے کہ یہ تمام بھی منتخب ہوجائیں گے۔ چوتھا تربیتی کیمپ 19 جنوری کو مسجد عالمگیر گٹلہ بیگم پیٹ میں منعقد ہوگا۔1