حج 2026 تیاریاں: وزیر حج نے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

   

ریاض:12مارچ ( کے این واصف ) سعودی وزارت حج و عمرہ گزرے حج کے اختتام کے ساتھ ہی اگلے سیزن کی تیاریاں شروع کردیتا ہے۔ کل سعودی وزیرِ حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حج سیزن 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے مشاعرمقدسہ کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔سعودی خبررساں ایجنسی ‘‘ایس پی اے’’ کے مطابق مشاعرِ مقدسہ میں کندانہ کمپنی کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبے جن میں 400 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی ہسپتال کا دوسرے مرحلہ شامل ہیں کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ وزیر حج نے مشاعر مقدسہ میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی تفصیلی جائزہ بھی لیا جن ماحولیات اور حجاج کی فلاح وبہبود کے امور شامل تھے۔مشاعر مقدسہ میں پیدل چلنے والے ٹریکس پر حجاج کے لیے بیٹھنے اور آرام کرنے کے مقامات، راستے میں جدید شیڈ اسٹرکچر، پانی کی پھوار والے پنکھوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ دیگر ترقیاتی امور شامل ہیں۔وزیر حج ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے میدان عرفات میں جبل الرحمہ پر عازمین حج کو لو لگنے سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی کیے جانے والے ترقیاتی امور کا جائزہ لیا۔میدان عرفات کی مسجد نمرہ اور اس کے اطراف عازمین کو راحت فراہم کرنے اور انہیں گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے جامع منصوبے پر کام جاری ہے