محفوظ زمرہ میں 839 عازمین منتخب،7465 عازمین ویٹنگ لسٹ میں، پہلی قسط کی ادائیگی کیلئے 20 اگست تک مہلت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2026 کیلئے تلنگانہ سے 4288 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے آج ممبئی میں آن لائین قرعہ اندازی کا اہتمام کرتے ہوئے ملک بھر کے عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ۔ ریاستوں کو الاٹ کردہ حج کوٹہ کے مطابق قرعہ اندازی کی گئی اور منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ انتخاب کی اطلاع دی گئی ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو جملہ 11575 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ حج کوٹہ 4292 الاٹ کیا گیا۔ 65 سال سے زائد عمر کے 772 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر محفوظ زمرہ میں انتخاب عمل میں آیا۔ 65 سال سے زائد عمر کی محرم کے بغیر درخواست دینے والی دو خواتین اور 45 سال سے زائد عمر کی محرم کے بغیر زمرہ میں 45 خواتین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا۔ محفوظ زمرہ میں تلنگانہ سے جملہ 839 عازمین کو منتخب کیا گیا۔ 3453 عازمین کا انتخاب 10918 عازمین میں سے قرعہ اندازی کے ذریعہ کیا گیا۔ تلنگانہ میں 7465 درخواست گزار ویٹنگ لسٹ کے تحت شمار کئے گئے ہیں اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ویٹنگ لسٹ کی اجرائی کے بعد عازمین کو اطلاع دی جائے گی۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے منتخب عازمین کو مبارکباد پیش کی اور اپیل کی کہ 20 اگست تک حج مصارف کے اڈوانس کے طور پر 152300 روپئے حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ویٹنگ لسٹ کی منظوری کے بعد تلنگانہ سے روانہ ہونے والے عازمین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ ویٹنگ لسٹ میں منتخب عازمین کی فہرست حج کمیٹی آف انڈیا کے ویب سائیٹ پر پیش کی گئی ہے ۔ صدرنشین حج کمیٹی کے مطابق حج 2026 کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ میں عازمین کو دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں حج کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ عازمین حج کسی بھی معلومات کے سلسلہ میں حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاؤز نامپلی سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔1