حج 2026 کیلئے درخواستوں کے ادخال کا آغاز، 31 جولائی آخری تاریخ

   

حیدرآباد۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2026 کے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کی ہیں ۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر سی شاہنواز نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکیولر جاری کرکے حج 2026 درخواستوں کی طلبی کی تفصیلات پیش کی ہیں۔ درخواستوں کے آن لائن ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور 31 جولائی آخری تاریخ رہے گی۔ حج کمیٹی کی ویب سائٹ اور حج سویدھا موبائیل ایپ سے درخواستیں آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔ درخواست گذاروں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ درخواستوں کے ادخال سے قبل گائیڈ لائنس کا گہرائی سے مطالعہ کریں۔ درخواست گذاروں کے پاس انٹرنیشنل پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ تک پاسپورٹ کی اجرائی لازمی رہے گی اور پاسپورٹ 31 ڈسمبر 2026 تک کارکرد ہونا چاہئے۔ درخواستوں کے ادخال کے بعد سفر حج کی منسوخی کو درخواست گذاروں کی موت یا پھر شدید بیماری کی صورت میں قبول کیا جائیگا۔ بصورت دیگر درخواستوں گذاروں پر جرمانہ ہوگا اور وہ معاشی نقصان کا سامنا کریں گے۔ درخواست گذاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر حج کی مکمل تیاری اور عزم کے بعد ہی درخواستیں داخل کریں۔ 1