حج2023ء میں عازمین کی تعداد بحال کرنیکا اعلان

   

ریاض : سعودی عرب کی وزارتِ حج وعمرہ نے کہا ہے کہ 2023 کے حج سیزن میں کووِڈ۔19 کی پابندیاں ختم کردی جائیں گی اور مملکت میں وبائی مرض سے قبل کے سال میں حجاج کی تعداد کے مساوی عازمین حج کی میزبانی کی جائے گی۔کورونا وائرس کا وبائی مرض پھیلنے سے پہلے 2109آخری سال تھا جب قریباً 26 لاکھ فرزندانِ توحید نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔سعودی عرب نے 2020 اور2021 میں صرف مملکت میں مقیم مقامی شہریوں اور غیرملکی مکینوں کومحدود تعداد میں حج کی اجازت دی تھی جس کے بعد اس نے 2022 میں 10 لاکھ غیرملکی عازمین کوفریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔وزارتِ حج وعمرہ نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ میں موسم حج کیلئے عمر کی حد سمیت کوئی پابندی عائد نہیں کرے گا۔یاد رہے کہ 2022میں 18 سے 65 سال تک کی عمر کے عازمین کرام کوحج کیلئے حجازمقدس آنے کی اجازت دی گئی تھی۔ان پرمزید شرائط یہ عائد کی گئی تھیں کہ انھوں نے کورونا وائرس کے خلاف مکمل طور پرویکسین یا حفاظتی ٹیکے لگوائے ہوں اوروہ کسی دائمی مرض میں بھی مبتلا نہ ہوں۔رواں سال حج سیزن 26 جون سے شروع ہونے کی توقع ہے۔گذشتہ برسوں کے دوران میں سعودی عرب نے دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں سے ایک کو زیادہ محفوظ بنانے پر اربوں ڈالر خرچ کئے ہیں۔