حد آسماں تک طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب ، جناب زاہد علی خاں

   

دی اسٹار اسکول میں یوم اطفال ، رنگا رنگ پروگرام ، ایڈیٹر روزنامہ سیاست و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ نومبر : ( راست ) : ہلپینگ ہینڈز کے تحت محلہ خیریت آباد میں قائم کردہ ایک جدید اسکول ، دی اسٹار اسکول میں آج صبح بہت ہی شاندار پیمانے پر یوم اطفال منایا گیا ۔ جولائی میں اسکول کی کشادگی کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ اسکول انتظامیہ کو اپنی کارکردگی دکھانے کا موقع تھا جس کی وجہ کئی معزز مہمان بھی حاضر تھے ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب زاہد علی خاں مدیر روزنامہ سیاست نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے جناب افتخار حسین ، چیرمین منیجنگ کمیٹی ، دی اسٹار اسکول اور ڈاکٹر شوکت علی مرزا ، منیجنگ ٹرسٹی ہلپینگ ہینڈز کی خدمات کو بے انتہا سراہا ۔ انہوں نے زور دیا کہ اسکول کے اساتذہ ابتداء سے ہی طلباء کو اس طرح سے تیار کریں کہ وہ آگے چل کر آئی اے ایس ، آئی پی ایس اور اسی طرح کے مسابقتی امتحانات میں کامیابی کے لیے اہل قرار پائیں ۔ ایڈیٹر سیاست نے بتایا کہ ایک وقت تھا جب سکریٹریٹ میں 70 فیصد سے زیادہ آئی اے ایس اور ایچ سی ایس آفیسرس یا سکریٹری لیول کے ملازم مسلمان ہوا کرتے تھے لیکن اب ڈھونڈنے سے بھی کوئی نظر نہیں آتا ۔ طلباء کو ترغیب دیتے ہوئے جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ وہ قطعی طور پر یہ گمان نہ کریں ان کے مذہب کی وجہ سے ان کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا موقع نہیں ملتا ہے ۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات اتنے شفاف ہوتے ہیں کہ ابتداء سے لے کر آخر تک کسی بھی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جاتی اور صرف قابلیت کی بنیاد پر طلباء کا سلیکشن ہوتا ہے ۔ اس کی واضح مثال کشمیر سے تعلق رکھنے والے شیخ فیصل کی ہے جس نے مسلمان ہوتے ہوئے ، کشمیری ہوتے ہوئے ، آئی اے ایس میں پورے ہندوستان میں پہلا مقام حاصل کیا تھا ۔ ابتداء میں ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے دی اسٹار اسکول کو شروع کرنے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا اور کس طرح جناب افتخار حسین اور ان کے اہل خانہ نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف اور صرف فروغ تعلیم کے لیے تقریبا 20 ہزار مربع فٹ کی عمارت مکمل سہولتوں کے ساتھ ہلپینگ ہینڈز کے حوالے کردی تاکہ اس میں آنے والی نسلوں کی تعلیم کا سلسلہ قائم ہوجائے ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا نے جناب افتخار حسین نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ فروغ تعلیم کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں ۔ محترمہ سنیتا بھنڈاری پرنسپل ، دی اسٹار اسکول نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ بعد جلسہ تمام مہمانوں نے اسکول کی عمارات کا دورہ کیا اور جناب افتخار حسین کے خدمات کو سراہا ۔ جناب رضوان حیدر نے جلسہ کی نگرانی کی ۔۔