حد بندی کے بعد تمل ناڈو میں لوک سبھا سیٹ کم نہیں ہوگی

   

2026ء میں تمل ناڈو میں بھی این ڈی اے حکومت بنے گی، امیت شاہ کا خطاب

کوئمبتور: مرکزی وزیر داخلہ اور بی جے پی لیڈر امیت شاہ نے آج کہا کہ حد بندی کے بعد تمل ناڈو کی ایک بھی لوک سبھا سیٹ کم نہیں ہوگی۔شاہ نے آج پیلامیڈو میں بی جے پی کے پارٹی دفتر کا شمع روشن کرکے افتتاح کیا اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ رامناتھ پورم اور ترووناملائی میں پارٹی دفاتر کا بھی افتتاح کیا۔ اس کے بعد پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ایم کے پر سخت حملہ کیا اورکہا کہ مجوزہ حد بندی کے تحت، تمل ناڈو سمیت جنوبی ریاستوں میں ایک بھی لوک سبھا سیٹ کم نہیں ہوگی۔ ڈی ایم کے لیڈر اسٹالن نے کہا تھا کہ آبادی کی بنیاد پر حد بندی کے تحت تمل ناڈو میں لوک سبھا کی آٹھ سیٹیں کم ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا تھا کہ حد بندی ایک مہلک تلوار ہے جو جنوبی ریاستوں پر لٹک رہی ہے ۔ انہوں نے 5 مارچ کو ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے تاکہ اس مسئلہ پر بات چیت کی جاسکے اور ریاست کے حقوق کے تحفظ کی جاسکے ۔ شاہ نے اسٹالن کے دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ حد بندی کے عمل کے تحت تمل ناڈو سمیت جنوبی ریاستوں میں ایک بھی نشست کم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بجائے ، نشستوں کی تعداد بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2025میں دہلی میں حکومت بنا کر بی جے پی کیلئے ایک نئی صبح نظر آئی اور اب 2026 میں (جب اسمبلی انتخابات ہوں گے ) تمل ناڈو میں ایک نئی صبح نظر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو میں ڈی ایم کے کی بدعنوان اور ملک دشمن حکمرانی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025کا آغاز دہلی میں تاریخی جیت کے ساتھ ہوا ہے اور ہم تمل ناڈو میں این ڈی اے کی حکومت بنا کر 2026کا اختتام کریں گے۔ تمل ناڈو میں این ڈی اے کی حکومت بننے جا رہی ہے ۔ اب اقربا پروری ختم ہو جائے گی، بدعنوانی کا خاتمہ ہو جائے گا اور ملک دشمن طاقتوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ تمل ناڈو میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا، جس سے ہندوستان کی مجموعی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔