حد سے زیادہ رفتار، ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں میں سرفہرست

   

حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) حد سے زیادہ رفتار سے گاڑیاں چلانے کے واقعات ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں میں سرفہرست ہیں۔ حالانکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ریاست بھر میں لگائے گئے سائن بورڈس پر یہ مشہور تحریر دکھائی دیتی ہے کہ ’’رفتار ہیجان پیدا کرتی ہے لیکن ہلاکت میں ڈالتی ہے‘‘۔ تاہم رفتار کی حد کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کئی لوگ تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی چلاتے ہیں جس کی وجہ پولیس کو مجبوراً ان کے خلاف کارروائی کرنی پڑتی ہے۔ اس سال 30 جون تک پولیس نے اس سے متعلق کوئی 7.61 کیسیس بک کئے اور 68.51 کروڑ روپئے جرمانہ وصول کئے۔ جاریہ سال کے پہلے نصف میں ریاست میں حد سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ گاڑیاں چلانے کے واقعات ٹریفک قواعد کی خلاف ورزیوں میں سرفہرست رہے۔ جس کے دوران پولیس نے مجموعی طور پر حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے، گڈس وہیکلس میں حد سے زیادہ سامان لادنے، ہائی ویز اور دیگر سڑکوں پر رانگ پارکنگ کرنے، گڈس وہیکلس میں مسافروں کو لے جانے، ڈرائیونگ کرتے وقت موبائیل کا استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ نہ لگانے پر 14.75 کیسیس درج کئے۔ ہائی ویز پر اہم مقامات پر نصب کئے گئے اسپیڈ لیزر گنس کا استعمال کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت حد سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر کیسیس بک کئے گئے۔ جے این ٹی یو کوارڈینیٹر اینڈ پرنسپل انوسٹیگیٹر (ایکسیڈنٹس اینڈ اربن فلش فلڈس) پروفیسر کے ایم لکشمن راؤ نے تیز رفتاری کے باعث ہونے والے حادثات کو ڈرائیورس کے رویہ میں تبدیلی سے منسوب کیا اور کہاکہ اسے صحیح کونسلنگ کے ذریعہ حل صحیح کیا جاسکتا ہے۔