حراست میں لئے گئے ہریانہ کے مبلغ مولوی اشتیاق کا عجیب و غریب مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی/سری نگر: 23 نومبر ( ایجنسیز ) سری نگر میں پولیس تفتیشی کمرے کا ماحول کشیدہ ہے۔۔کیونکہ ‘وائٹ کالر’ دہشت گردی ماڈیول کے سلسلے میں حراست میں لیے گئے ایک مبلغ مولوی اشتیاق نے گرفتار ڈاکٹروں سے کرایہ وصول کرنے کی درخواست کی ہے۔مولوی اشتیاق کا نام یونیورسٹی سے گرفتار ‘وائٹ کالر’ دہشت گردی کے ماڈیول کے اہم رکن ڈاکٹر مزمل گنائی سے پوچھ گچھ کے دوران سامنے آیا۔ ان کے کہنے پر پولیس ٹیم نے مبلغ کے گھر سے دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔حکام کے مطابق مولوی اشتیاق نے اپنے تفتیش کاروں کو ایک حیران کن حد تک مختلف کہانی سنائی، اور دعویٰ کیا کہ گنائی اور عمر نے اس سال کے شروع میں ان سے رابطہ کیا، ان سے کہا کہ وہ ان کے گھر میں ”کھاد” رکھیں گے اور مبینہ طور پر 2,500 روپے ماہانہ اسٹوریج فیس ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مولوی اشتیاق کو صورتحال کی سنگینی کی کوئی فکر نہیں تھی اور ان کی تشویش گنائی اور عمر کے واجب الادا کرایہ کے بارے میں تھی جو پچھلے چھ ماہ سے زیر التوا تھا۔غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے اور اپنے چار بچوں اور خاندان کی کفالت کے لیے جدوجہد کرنے والے مذہبی مبلغ نے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی، سری نگر پولیس اور مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کے دیگر اہلکاروں سے کہا کہ وہ گنائی سے بقایا کرایہ وصول کریں تاکہ وہ رقم واپس گھر بھیج سکے۔