حرمین ایکسپریس کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق

   

ریاض۔مکہ معظمہ میں حرمین ایکسپریس کے ٹریک پرموجود ایک شخص تیز رفتار ریل گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا۔سعودی عرب اور اسپین کے مشترکہ منصوبے حرمین ایکسپریس کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح نو بج کر پانچ منٹ پر مکہ مکرمہ اسٹیشن سے چار کلو میٹر دور ٹریک پرایک شخص غیرقانونی طور پر بیٹھا ہوا تھا۔ اس دوران حرمین ایکسپریس کی ایک ریل گاڑی وہاں سے گذری جس کی ٹکر سے پٹری پرموجود شخص جاں بحق ہوگیا۔متعلقہ حکام نے فوری طورپر موقعے پر پہنچ کر ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش اٹھائی۔ حکام نے اس واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں حرمین ایکسپریس ٹرین سروس 1440ھ کو شروع کی گئی تھی۔ یہ ٹرین سروس مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان صرف دو گھنٹے میں سفر مکمل کرتی ہے جب کہ مکہ، مدینہ، جدہ اور دوسرے شہروں میں اس حرمین ایکسپریس کی 10 ٹرینیں چلتی ہیں۔