حرمین شریفین میں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی

,

   

متحدہ عرب امارات‘خلیجی ممالک، برطانیہ ،فرانس ،امریکہ اور کینیڈا میں بھی عیدکے اجتماعات

ریاض:سعودی عرب میں عید الفطرآج منائی گئی ،مکہ میں مسجد الحرام اور مدینہ میں مسجد نبویؐ میں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی۔سعودی فرماں رواں شاہ سلمان اور ولی عہد و گورنر مکہ نے نماز عید مسجد الحرام میں ادا کی، دوسال بعد تمام مساجد، عیدگاہوں میں مکمل گنجائش کیساتھ نماز عید ادا کی گئی۔مسجد قبلتین اور مسجد قباء میں بھی نماز عیداداکی گئی۔متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے، برطانیہ ،فرانس ،امریکا اور کینیڈا میں بھی آج عید منائی گئی۔انڈونیشیا میں بھی آج عیدالفطر منائی گئی، انڈونیشیا میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع دارالحکومت جکارتہ میں ہوا۔انڈونیشیا میں کورونا وبا کے 2 سال بعد نماز عید کا یہ پہلا اجتماع ہے۔فلسطین میں بھی آج عیدالفطر مذہبی جوش وجذبے کیساتھ منائی گئی، ہزاروں افراد نے مسجد الاقصی میں نماز عید ادا کی۔فلسطینی صدر محمود عباس نے فلسطینی عوام اور عرب ، عالم اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔ترکی میں بھی آج عیدالفطرمنائی گئی، ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترک عوام سمیت تمام عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ۔ترک صدر کا عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ عیدیں ہمارے اتحاد، یکجہتی ، بھائی چارے کی تجدید کے دن ہیں، عید کے دن یتیموں، ناداروں، ضرورتمندوں، مظلوموں کی مدد کریں۔انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو خود کو تقسیم کرنے، ایک دوسرے کا مخالف بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔فرانس کی مساجد میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی ، فرانس میں مقیم مختلف ممالک کی مسلم کمیونٹی کی اکثریت نے اپنے اپنے علاقے کی مساجدمیں نماز عید اداکی۔فرانس کے نواحی علاقے لاکورنیو میں ادارۂ منہاج القران انٹرنیشنل میں نمازعیدالفطر کی ادائیگی، فرانس کی جامعہ مسجد پیری فیت، جامعہ مسجد ویلرلیبل میں بھی نماز عید ہوئی، اس کے علاوہ اسٹاک برک سٹدیانی جامعہ مسجد، دارالسلام مسجد کارج لاکونس میں بھی نماز عیدالفطر کا اجتماع ہوا۔فرانس کی جامعہ مسجداونی میں بھی عید الفطر پر پاکستانی کمیونٹی کا بڑا اجتماع ہوا، مساجدمیں جگہ کم ہونے کے باعث 4سے6 بار عیدالفطر کی نماز کی جماعتیں ہوئیں۔