مکہ مکرمہ ۔ادارہ امور حرمین نے کہا ہے کہ حرم مکی الشریف میں عام افراد کے داخلے پرعارضی پابندی برقرار ہے۔ کورونا وائرس سے حفاظت کی خاطر حرم مکی میں نماز باجماعت کی ادائیگی میں وہاں کے ملازمین اور عہدیدار ہی شرکت کررہے ہیں۔ ادارہ امور حرمین شریفین کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت کی تمام مساجد میں نماز باجماعت پر عائد عارضی پابندی ختم کردی گئی ہے تاہم حرم مکی الشریف میں عام افراد کے داخلے کی ابھی تک اجازت نہیں۔امور حرمین کے ترجمان ہانی حیدر نے حرم شریف عام افراد کیلئے کھولے جانے کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کو غلط قرار دیا ہے، کورونا وائرس کی وبا کے ابتدائی ایام سے تاحال حرم شریف میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز باجماعت کی ادائیگی جاری ہے جس میں ادارے کے عہدیداروں اورحرم شریف میں کام کرنے والے ہی شریک ہوتے ہیں۔ترجمان ادارہ امور حرمین نے انٹرویو میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی خبر کیلئے مصدقہ ذرائع پر ہی یقین کریں غیر معتبر ذرائع پر یقین نہ کیا جائے۔ عام لوگوں کیلئے حرم مکی شریف کھولنے کے بارے میں حکومتی فیصلے کی اطلاع اخبارات اور ادارے کی سرکاری ویب سائٹ پر فوری طورپر فراہم کی جائے گی۔واضح رہے مارچ میں کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حرم مکی الشریف میں عمرہ زائرین اور عام افراد کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی گئی تھی جو تاحال جاری ہے جبکہ مسجد نبوی ﷺ میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ عام افراد کے داخلے پر پابندی ختم کی جاچکی ہے جہاں گزشتہ 2 ہفتے سے نماز باجماعت جاری ہے وہاں عام افراد احتیاطی تدابیر کے تحت سماجی فاصلے کے اصول کی پابندی کرتے ہوئے باجماعت نمازوں میں شرکت کررہے ہیں۔