ریاض: امام کعبہ و حرمین شریفین جنرل پریزی ڈینسی کے چیر مین الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے گذشتہ شام نماز عشاء کے بعد مسجد حرام میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر کہا کہ یہ اقدامات شرعی وانسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر کعبہ شریف میں عمرہ پر جز وقتی پابندی عائد کی گئی ہے۔ حرم شریف نماز عشاء تا نماز فجر تک بند رہے گی۔ اس سے قبل 24 گھنٹے کھلی رہا کرتی تھی۔دنیا بھر کے تمام ملکوں سے عمرہ زائرین پر جز وقتی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان کے علاوہ دیگر اقدامات بھی کیئے گئے ہیں۔
اس بارے میں عوام میں شعور بیداری کیلئے امام کعبہ عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ یہ اقدامات شرعی اصول و انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ وہ ایمان کے ساتھ توکل علی اللہ پر قائم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی مملکت کی جانب سے حفظان صحت کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ حرمین شریفین کو کورونا وائرس جیسی مہلک وبا سے محفوظ رکھا جاسکے۔ امام کعبہ نے کہا کہ ہمارا مقصد مسجد حرام، بیت اللہ کی زیارت کیلئے آنے والے مسلمانوں اور مسجد نبوی ؐ میں حاضری دینے والے مسلمانوں کی جانوں کا تحفظ کرنا ہے اور اس کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔



