ناظر رباط نے ہنگامی طور پر الیکٹرک اسٹو کا انتظام کیا، رباط کی سہولتوں سے عازمین حج مطمئن
حیدرآباد۔7 ۔ اگست (سیاست نیوز) سعودی حکام نے مکہ مکرمہ میں حرم کے اطراف کی تمام عمارتوں میں گیس سلینڈرس کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اس سلسلہ میں حکام نے حیدرآبادی رباط کی تینوں عمارتوں کا معائنہ کرتے ہوئے گیس سلینڈرس کے استعمال کو ترک کرنے کی ہدایت دی۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے عہدیداروں کے مشورہ پر فوری گیس سلینڈرس کو ہٹادیا اور ان کی جگہ الیکٹرک اسٹو فراہم کئے گئے تاکہ عازمین حج کو پکوان میں دشواری نہ ہوں۔ واضح رہے کہ رباط کی تینوں عمارتوں میں 50 سے زائد کچن موجود ہیں جہاں ناظر رباط کی جانب سے گیس سلینڈرس اور تازہ ترکاری کا انتظام کیا گیا ہے ۔ عازمین حج روزانہ اپنی پسند کا پکوان کر رہے ہیں ۔ حرم شریف کے اطراف کسی بھی ناگہانی سے نمٹنے کیلئے سعودی حکام نے اطراف کی عمارتوں میں گیس سلینڈرس کے استعمال پر پابندی لگادی۔ اس اچانک فیصلے سے ناظر رباط نے بہتر انداز میں نمٹتے ہوئے ہنگامی طور پر الیکٹرک اسٹو کا انتظام کیا۔
مکہ مکرمہ میں تقریباً 20 لاکھ عازمین موجود ہیں ، ایسے میں بڑی تعداد میں الیکٹرک اسٹو کا حصول آسان نہیں تھا ۔ نا ظر ر باط نے نہ صرف اسٹو فراہم کیا بلکہ عازمین حج کو استعمال کی ٹریننگ دی۔ چند گھنٹوں میں الیکٹرک اسٹو خریدے گئے اور عازمین حج کو راحت پہنچائی گئی ہے۔ رباط میں مقیم عازمین حج نے ناظر رباط حسین محمد الشریف کی ستائش کی جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عازمین حج کو دشواریوں سے بچا لیا۔ رباط میں آئندہ سال سے گیس پر پکوان کی اجازت نہیں رہے گی۔ ناظر رباط نے کہا کہ سلینڈرس کے مقابلہ الیکٹرک اسٹو کا استعمال زیادہ محفوظ ہے۔ اسی دوران حسین محمد ا لشریف نے عازمین حج کو حج کے لئے روانہ کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ انہوں نے شخصی طور پر تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ عازمین حج روزانہ فراہم کی جارہی ترکاریوں اور دیگر سہولتوں سے مطمئن ہیں۔ کئی عازمین حج نے فون پر سیاست کو رباط کے انتظامات سے واقف کرایا اور حسین شریف کی ستائش کی۔