میر واعظ دیگر علیحدگی پسند قائدین کے ہمراہ این آئی اے دفتر پر حاضر
نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دو حکمناموں کو نظرانداز کرنے کے بعد حریت کے اعتدال پسند علیحدگی پسند قائد میر واعظ عمر فاروق نے دوشنبہ کو قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کے روبرو دہشت گردوں کو فنڈ فراہم کرنے کے معاملے میں حاضر ہوئے۔ انھیں اندرا گاندھی ایرپورٹ پر سکیورٹی فراہم کی گئی۔ ان کے ساتھ دیگر علیحدگی پسند قائدین عبدالغنی بھٹ، بلال لون اور مولانا عباس انصاری بھی تھے۔ میر واعظ سے این آئی اے نے 11 اور 12 مارچ کو حاضر ہونے کے لئے کہا تھا لیکن اُنھوں نے نئی دہلی میں تحقیقاتی ایجنسی کے دفتر پر حاضری سے معذوری چاہ لی تھی اور کہا تھا کہ انھیں کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان کی سلامتی کے خطرے کے پیش نظر نئی دہلی پر حاضر ہونا مشکل ہے۔ تاہم این آئی اے نے اپنے تیسرے حکمنامے میں انھیں سکیورٹی فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ این آئی اے کی تحقیقات جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو مالیہ کی فراہمی، صیانتی عملے پر سنگباری، سرکاری بسوں کو نذر آتش کرنا اور سرکاری دفاتر کو نقصان پہنچانے کے پیچھے مالیہ فراہم کرنے والوں کی شناخت تک مرکوز ہیں۔
