حزب التحریر کے 40-45 ہمدردوں کی اننت گیری جنگلات میں ٹریننگ ہوئی

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کل کہا کہ پولیس نے اب تک شہر سے چھ حزب التحریر (HUT) کے ہمدرد افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس مدھیہ پردیش میں ان کی ماضی کی سرگرمیوں کا پتہ چلانے اور یہ معلوم کرنے کے لیے کہ آیا وہ کہیں دہشت گرد حملوں کا منصوبہ تو نہیں بنا رہے ہیں مصروف ہے ۔ کاونٹر انٹلی جنس ( سی آئی ) سیل کو معلوم ہوا کہ ایک ملزم محمد سلیم جو شہر میں ایک کالج میں ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کے طور پر کام کررہا ہے ، اننت گیری کے جنگلاتی علاقہ میں کیمپس منعقد کرتے ہوئے ریکروٹس کو ٹریننگ دے رہا ہے ۔ ایک ملزم ، بھوپال کے پاسر کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق سلیم نے تقریبا 40-45 لوگوں کو جمع کیا اور انہیں ایچ یو ٹی کے ہمدرد بنانے کی کوشش کررہا تھا ۔ وہ انہیں حفاظت خود اختیاری تکنیکس بشمول مارشل آرٹس اور ہتھیار استعمال کرنے کی بھی ٹریننگ دے رہا تھا ۔ سلیم ، جو مدھیہ پردیش کی اینٹی ٹیرریزم اسکواڈ ( اے ٹی ایس ) کی تحویل میں ہے ، شناخت نہ ہونے والے افراد کی تفصیلات رکھتا ہے اور سی آئی سیل اس کا جائزہ لے رہی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ سی آئی سیل اے ٹی ایس سے معلومات حاصل کرے گی جو انہیں مزید تحقیقات کے لیے معاون ہوگی ۔ اے ٹی ایس کی جانب سے اب سلیم سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جس سے ان کے بارے میں کافی معلومات حاصل ہوں گی جنہیں ایچ یو ٹی کے ہمدرد بننے کے لیے ذہن سازی کی جارہی ہے ۔ سی آئی کی جانب سے 40-45 افراد سے کونسلنگ کی جائے گی جنہیں اس تنظیم کے سرگرم کارکن بننے کے لیے ٹریننگ دی گئی ہے ۔۔