تل ابیب، 2 ستمبر (یو این آئی) جنوبی لبنان کے دو علاقوں میں حملوں کے بعد اسرائیل نے “رب ثلاثین” گاؤں پر پمفلٹ گرائے اور لوگوں کو حزب اللہ کے ساتھ کسی بھی طرح کے تعلق یا تعاون سے خبردار کیا۔ پمفلٹس میں لوگوں کو ہدایت کی گئی کہ حزب اللہ یا اس کے قریبی افراد کے ساتھ “تعمیر نو کے بہانے ” تعاون نہ کریں۔ حزب اللہ کے ساتھ کسی قسم کا اقتصادی فائدہ نہیں ہے ۔ اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ حزب اللہ ہی تعمیر نو کے عمل کو روک رہی ہے ۔ اس سے پہلے اسرائیلی فوج کے ترجمان آویخائی ادرعی نے بتایا تھا کہ فوج نے پیر کو “دو انجینئرنگ گاڑیوں” پر حملہ کیا جو حزب اللہ کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو میں مصروف تھیں۔یہ کارروائی یارون اور رب ثلاثین کے علاقوں میں کی گئی۔ فوج نے حملے کا ویڈیو بھی جاری کیا اور کہا کہ “ان گاڑیوں کی سرگرمیاں اسرائیل اور لبنان کے درمیان سمجھوتے کی خلاف ورزی تھیں۔
اسرائیلی فوج نے یمن سے آنے والا
حوثیوں کا ڈرون طیارہ فضا میں روک دیا
تل ابیب، 2ستمبر (یو این آئی) اسرائیلی فوج نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے یمن سے بھیجے گئے ایک ڈرون طیارے کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی مار گرایا۔ فوج کے ترجمان نے ایکس پلیٹ فارم پر بتایا کہ اس دوران خطرے کا کوئی الارم نہیں بجایا گیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے پیر کو بھی اعلان کیا تھا کہ یمن سے روانہ ہونے والا ایک ڈرون اسرائیلی فضاء میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا۔