حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے تک امریکی ایلچی لبنان نہیں جائیں گے

   

واشنگٹن۔30 جولائی ۔ ( ایجنسیز ) امریکہ نے لبنان پر اپنا دباؤ بڑھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لبنانی کابینہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے باضابطہ فیصلہ کرے۔ تاکہ اس سلسلے میں لبنانی حکومت کی کمٹمنٹ کا اظہار ہو سکے۔امریکہ نے لبنان کو باور کرایا ہے کہ لبنانی کابینہ کی طرف سے اس سلسلے میں باضابطہ فیصلہ کے آنے کے بعد ہی اسرائیلی فوج کی لبنانی علاقوں میں کارروائیاں روکنے کے لیے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔ گویا امریکہ نے اسرائیلی فوجی حملے لبنان میں روکنے کو مشروط کر دیا ہے۔یہ بات بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو اس معاملے سے جڑے پانچ مختلف ذرائع نے بتائی ہے۔ خبر رساں ادارے کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ نے لبنان پر پہلے سے جاری اپنے دباؤ کو بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک لبنانی حکومت عوامی سطح پر اس بارے میں اپنی کمٹمنٹ ظاہر نہیں کرتی کہ وہ حزب اللہ سے اسلحہ واپس لے گی تو اس وقت تک امریکہ لبنان کے لیے اپنے خصوصی ایلچی تھامس بیرک کو اب لبنان نہیں بھیجے گا۔اس امر کی دو لبنانی سفارت کاروں، دو اعلی حکام اور اس معاملے سے جڑے ایک ذریعے نے تصدیق کی ہے۔ تاہم امریکی سفارتی شعبے اور اس کے حکام نے اس بارے میں فوری طور پر کوئی رد عمل دینے سے گریز کیا ہے۔