حزب اللہ کے اسلحہ گودام میں دھماکے ،کئی عمارتیں تباہ

   

بیروت : لبنان میں حزب اللہ کے اسلحے کے گودام میں زور دار دھماکے کے باعث متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔عرب میڈیا کے مطابق یہ واقعہ لبنان کے جنوبی صوبے تفاح کے دیہاتی علاقے عین قنا میں پیش آیا جہاں لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے اسلحے کے گودام میں ہوئے دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھااور دھوئیں کے بادل دو دراز علاقوں میں بھی نظر آئے۔مقامی میڈیاکاکہنا ہے کہ دھماکا حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو میں ہوا جس کے باعث متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جب کہ درجنوں عمارتوں میں دراڑیں پڑگئیں اور کئی گاڑیاں ملبے تلے آگئیں۔رپورٹ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم حتمی تعداد یا زخمیوں کی صورت حال کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں آسکی ہیں۔حزب اللہ کے اہلکاروں نے الجزیرہ نیوز کو بتایا ہے کہ واقعہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے اور اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔