حزب اللہ کے راکٹ حملوں سے اسرائیل میں بھاری نقصان

,

   

سائرن بجنے لگے‘ اسرائیلی دفاعی نظام کئی راکٹس روک نہ سکا، کئی مقامات پر آگ لگ گئی

تل ابیب : حزب اللہ نے اس جنگ میں پہلی بار استعمال کیے گئے راکٹوں سے سرحد سے اندر 50 کلومیٹر تک علاقے میں اہداف کو نشانہ بنایا۔آج صبح حزب اللہ کی جانب سے لبنان سے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کیا گیا جس میں اسرائیل کے اندر اہم مقامات کو راکٹوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اس جنگ میں پہلی بار ا ستعمال کیے گئے راکٹوں سے سرحد سے اندر 50 کلومیٹر تک علاقے میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا۔ساحلی شہر حیفا اور رمات ڈیوڈ ایئربیس کو بھی حزب اللہ کے راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق لبنان سے ہونے والے راکٹوں کے حملے کے باعث 74 مقبوضہ بستیوں میں سائرن بجنے لگے اور اسرائیلی دفاعی نظام کئی راکٹس نہ روک سکا۔حزب اللہ کے حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی ویڈوز اور تصاویر بھی سامنے آگئی ۔ تفصیلات کے مطابق لبنان پر اسرائیلی بمباری کے بعد حزب اللّٰہ نے پہلی بار دور مار کرنے والے راکٹوں سے اسرائیل پر حملہ کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق 85 راکٹ حملوں میں رمات ڈیوڈ فضائی اڈے اور ساحلی صنعتی شہر حیفہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ رمات ڈیوڈ فضائی اڈے پر حملے میں ایک شخص جبکہ حیفہ کے قریب حملوں میں 3 افراد زخمی ہوئے۔حزب اللّٰہ کے حملوں میں حیفہ کے قریب متعدد مقامات پر آگ لگ گئی ہے۔ اس حوالے سے حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں الیکٹرانک آلات بنانے والی ٹیک کمپنی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یہ واکی ٹاکی اور پیجر دھماکوں کا ابتدائی جواب ہے۔عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ آج صبح عراق سے بھی اسرائیل پر ڈرون حملے کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا۔دوسری جانب اسرائیل نے لبنان میں حملوں کا دائرہ کئی شہروں تک پھیلا دیا۔