حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ڈپو پر اسرائیلی حملہ

   

یروشلم؍بیروت: اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے پیر کی رات مشرقی اور جنوبی لبنان پر حملہ کیا اور حزب اللہ سے منسلک مقامات کو نشانہ بنایا۔فوج نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اللہ نے بیکا کے علاقے میں واقع اس سہولت کو اسٹریٹجک ہتھیاروں کی تیاری اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے مطابق، اضافی حملے جنوبی لبنان کے علاقے سریفا میں کیے گئے ، جہاں حزب اللہ کے فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ڈی ایف نے متنبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے لیے کسی بھی خطرے کو ختم کرنے اور حزب اللہ کی جانب سے دہشت گردانہ صلاحیتوں کو بحال کرنے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کے لیے کام جاری رکھے گا۔ایک لبنانی سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی لبنان میں کھلے علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے چھ حملے کیے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانے ہیں۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ “اسرائیلی ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں نے طائر حرفہ میں چار مکانات پر تین حملے کیے اور انہیں تباہ کر دیا۔” لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (این این اے ) نے کہا کہ دو حملے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اور تیسرا ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔پیر کے روز، لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس کے مشن کے سربراہ اور فورس کمانڈر، ارولڈو لازارو سانز نے کہا کہ جنوبی لبنان میں صورتحال زیادہ مستحکم ہو ئی ہے لیکن ابھی تک نازک ہے اور کسی بھی منظر نامے سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جانی چاہیے جس سے جو کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔