حزب اللہ گروپ لبنان میں اپنی طاقت بحال کرنے کوشاں

   

تل ابیب۔ 24 مئی (یو این آئی) ایک اسرائیلی سیکوریٹی ذریعہ نے العربیہ کو بتایا ہے کہ حزب اللہ گروپ لبنان میں اپنی طاقت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ حزب اللہ گروپ ہوائی اڈے ، بندرگاہ اور سرحدوں کے ذریعہ ہتھیاروں کی سمگلنگ کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈرونز اور درست میزائلوں میں استعمال ہونے والے آلات اسمگل کر رہا ہے ۔ تاہم انہوں نے اسی وقت واضح کیا کہ یہ گزشتہ جنگ سے پہلے کے مقابلے میں بہت کمزور ہے ۔اسرائیلی سکیورٹی ذریعے نے کہا کہ حزب اللہ لبنان میں نئی خانہ جنگی شروع کر سکتا ہے ۔ اسرائیل امریکی حمایت سے لبنان کے تمام حصوں میں حزب اللہ کو نشانہ بنانا جاری رکھے گا۔ ذریعے نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل لبنان کو ان مقامات کی معلومات اور نقاط فراہم کر رہا ہے جنہیں وہ نشانہ بنا رہا ہے ۔انہوں نے یہ بھی اشارہ کیا کہ لبنانی فوج اور حزب اللہ کے درمیان ہتھیاروں پر کنٹرول حاصل کرنے کی دوڑ ہے ۔ جب فوج حزب اللہ کے ہتھیار ضبط نہیں کرتی تو ہم بمباری کردیتے ہیں۔