سرینگر ۔ 3 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی ( این آئی اے) حزب المجاہدین کے کمانڈر نوید بابو کے ساتھ روابط رکھنے کے سلسلہ میں جموں و کشمیر کے رکن اسمبلی شیخ عبدالرشید سے پوچھ تاچھ کرے گی ۔ نوید بابو کو حال ہی میں جموں و کشمیر کے معطل شدہ ڈی ایس پی ریویندر سنگھ کے ساتھ گرفتار کیا گیاہے ۔ رکن اسمبلی رشید انجینئر کے نام سے مشہور ہیں اور ان کا تعلق عوامی اتحاد پارٹی سے ہے ۔ رشید انجینئر نے 2014 ء کے اسمبلی انتخابات میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا ۔ سابق جموں و کشمیر ریاست میں دہشت گرد سرگرمیوں کے ضمن میں رشید انجینئر کو 9 اگسٹ کو گرفتار کیا گیا تھا اور اس وقت وہ تہاڑ جیل میں عدالتی تحویل میں ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ این آئی اے عنقریب عدالت سے رجوع ہوکر نوید بابو سے روابط کے ضمن میں پوچھ تاچھ کے لئے وارنٹ حاصل کرے گی ۔ حزب المجاہدین کے کمانڈر نوید بابو کا پورا نام سید نوید مشتاق احمد بتایا گیا ہے جو 6 فبروری تک این آئی اے کی تحویل میں ہے ۔ نوید کو 11 جنوری کو معطل شدہ ڈی ایس پی دیویندر سنگھ کے ساتھ گرفتار کیاگیا ۔ گزشتہ ہفتہ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق تفتیش کے دوران نوید نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کشمیر میں ایک کمپنی قائم کرنے کیلئے وہ مسلسل رکن اسمبلی کے ساتھ رابطہ میں تھا اور اس علاقہ میں امکانی خفیہ ٹھکانے کی تلاش میں تھا ۔