حساس پولنگ بوتھس کی نشاندہی ہوگی: کمشنر بلدیہ

   

حیدرآباد 28 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ضلع الیکشن آفیسر و کمشنر جی ایچ ایم سی رونالڈ راس نے آج حساس مقامات اور انتخابی اخراجات وغیرہ کا جائزہ لیا اور انہوں نے کہا کہ حساس پولنگ بوتھس کی نشاندہی الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق کی جانی چاہئے ۔ گذشتہ انتخابات کے تجربہ کے پیش نظر عہدیداران ایک بار پھر ان مقامات کا جائزہ لیں گے اور حساس پولنگ بوتھس کی نئی فہرست تیار کرینگے ۔ چونکہ ریاست میں پرچہ نامزدگیوں کا 3 نومبر سے آغاز ہوگا رونالڈ راس نے کمشنر پولیس سندیپ شنڈیلیہ سے کہا کہ وہ حلقہ واری اساس پر پولیس متعین کریں۔ تقسیم اور وصولی کے مراکز پر بھی پولیس بندوبست کیا جانا چاہئے ۔ پولیس کی جانب سے نقد رقومات اور دوسری اشیا کی ضبطی کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ جن رقومات کا انتخابات سے تعلق نہیں ہے انہیں واپس کیا جانا چاہئے جبکہ ایک حد سے زیادہ ضبطی پر انہیں محکمہ انکم ٹیکس کے حوالے کیا جانا چاہئے ۔