حسن آباد میں آج بھی آر ٹی سی ملازمین کی گرفتاریاں

   

حسن آباد۔/27 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد میں دوسرے دن بھی مقامی پولیس نے بس ڈپو حسن آباد جانے سے روک کر گرفتار کرلیا۔ کل ڈیوٹی کی انجام دہی کیلئے آنے والے 43 ملازمین جن میں 18 خواتین بھی شامل ہیں حسن آباد پولیس نے اپنی حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقلی کے بعد شام میں شخصی ضمانتوں پر رہا کردیا تھا۔ آج دوسرے دن 7 خاتون کنڈکٹرس کے بشمول 21 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔ جس کے باعث آر ٹی سی ملازمین میں شدید مایوسی و غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ آر ٹی سی ایمپلائز یونین ڈپو سکریٹری سید دستگیر نے بتایا کہ غیر مشروط ہڑتال سے دستبردار ہونے والے ملازمین کو ڈیوٹی کی انجام دہی سے روکنا غیر دستوری و غیر قانونی ہے ۔ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے مسائل کو حل کرنے اور ملازمین کو خدمات میں لینے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔