حسن آباد میں برقی شاک سے 3کسان ہلاک

   

حسن آباد : حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے مختلف مواضعات میں آج صبح علحدہ طور پر پیش آئے 3مختلف برقی حادات میں 3کسان برسرموقع فوت ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب چیریال منڈل کے موضع آکنور میں 40سالہ جکور اجیا نامی کسان مبینہ طور پر برقی ملازمین کی غفلت و تساہلی کاشکار ہوکر اپنی قیمتی جان گنوا بیٹھا جو کہ گذشتہ چند ماہ سے اپنی زرعی باؤلی پر خستہ حال برقی تار کی مرمت و تبدیلی کیلئے برقی لائن مین سے متعدد بار درخواست کرچکا تھا ۔ آج صبح تیز ہواؤں کے باعث بوسیدہ برقی تار ٹوٹ کر زرعی کاموں میں مصروف کسان راجیا پر گرپڑا جس کے نتیجہ میں برقی شاک لگنیسے وہ بری طرح جھلس کر برسرموقع فوت ہوگیا ۔ اطلاع پاکر مہلوک کسان کے ارکان خاندان و مقامی سیاسی قائدین نے نعش کے ذریعہ برقی انجنیئر دفتر چیریال پر دھرنا منظم کرتے ہوئے خاطی برقی ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے و 15لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مدور منڈل کے موضع دھول مٹ میں آج صبح پیش آئے دوسرے واقعہ میں زرعی برقی روٹر کے سرویس وائر کی مرمت کے دوران اتفاقی طور پر لگے برقی شاک سے 32سالہ کوروناکر نامی کسان برسرموقع فوت ہوگیا ۔ بیجنکی منڈل کے موضع گنڈارم میں برقی پول کے ساتھ اضافی طور پر لگائے گئے برقی تار کے ٹوٹ کر زمین پر گرجانے کے باعث لگے برقی شاک سے 58سالہ بالیا نامی کسان برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔