حسن آباد۔/3جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ٹاون کے قریبی موضع پوئلہ پلی میں اچانک کل شام 2 خونخوار ریچھ موضع کے جنوبی سمت میں موجود پہاڑیوں سے نمودار ہوکر خوفناک آوازوں سے چیختے چلاتے ہوئے موضع کا رخ کیا جنہیں دیکھ کر مقامی عوام خوفزدہ ہوکر خود کو اپنے گھروں میں مقید کرلیا۔ حسن آباد سب انسپکٹر سدھاکر و سرکل انسپکٹر سرینواس کو مطلع کردیا۔ پولیس ملازمین کے موضع پوئلہ پلی پہنچنے سے قبل ہی موضع کے آوارہ کتوں نے خونخوار ریچھوں کو دیکھ کر جواباً چیخنا چلانا شروع کردیا جس کے سبب ریچھیخوفزدہ ہوکر جنگل کی سمت بھاگنا شروع کردیئے۔ مقامی عوام نے موقع کو غنیمت جان کر آوارہ کتوں کے غول کے ہمراہ بڑے بڑے لاٹھیوں کے ذریعہ ریچھوں کا تعاقب کرنا شروع کردیا۔ نتیجہ میں خوفزدہ خونخوار ریچھ بھاگتے بھاگتے موضع پوئلہ پلی کے مضافات میں واقع راجا مولی نامی کسان کی زرعی باؤلی میں اچانک گرگئے۔ جسے دیکھ کر مقامی عوام اور پولیس نے راحت کی سانس لی ۔ نیز محکمہ جنگلات کے حکام کو مطلع کردیا ۔ ضلع منچریال کے جنارم ڈیویژن سے لائے گئے خصوصی پنجروں میں آج محکمہ جنگلات کی ریسکیو ٹیموں نے کامیابی کے ساتھ خونخوار ریچھوں کو قید کرتے ہوئے جنارم کے جنگلاتی علاقہ کو لے گئے۔
