حسن آباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مجوزہ بلدی الیکشن کے ضمن میں حسن آباد کی تمام سیاسی جماعتوں نے امیدواروں کے انتخابات میں مقامی مسلمانوں کو یکسر نظر انداز کردیا ہے جب کہ 20 رکنی مجلس بلدیہ حسن آباد میں 7 وارڈوں میں مسلمانوں کو قوت توازن حاصل ہے جو کہ کسی امیدوار کی قسمت کا فیصلہ کرنے میں اہم ہوسکتا ہے ۔ یہاں ٹی آر ایس کے بشمول کانگریس ، بھاجپا ، سی پی آئی ، تلگو دیشم ، بہوجن سماج پارٹی نے اپنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ جن میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے محل نہ ہوگا کہ ٹی آر ایس و کانگریس میں مقامی ذی اثر و صاحب ثروت مسلمانوں کی خاطر خواہ تعداد موجود ہے ۔ تاہم مذکورہ سیاسی جماعتوں نے اس جانب متوجہ ہونے کے بجائے خاموشی اختیار کرلی ۔ مجلس بلدیہ حسن آباد کے حدود میں 5 ہزار سے زائد مسلم مرد و خواتین ووٹرس موجود ہیں ۔۔